60 کی دہائی کا کراچی

December 07, 2021

عارف سیٹھ

کراچی کیا تھا‘ یہ مجھے ایک سابق امریکی سفارت کار نے بتایا‘ میں2002ء میں سیر کے لیے امریکا گیا‘ میرے دوست مجھے نیویارک میں ایک بوڑھے امریکی سفارت کار کے گھر لے گئے‘ یہ ایوب خان سے لے کر ذوالفقار علی بھٹو تک پاکستان میں تعینات رہا اور جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے بعد پاکستان سے لاطینی امریکا ٹرانسفر ہو گیا‘ یہ 2002ء میں ریٹائر زندگی گزار رہا تھا۔ میں اس کی اسٹڈی میں اس کے سامنے بیٹھ گیا۔ وہ بیتے دنوں کی راکھ کریدنے لگا‘ اس نے بتایا کراچی60ء کی دہائی میں دنیا کے بہترین شہروں میں شمار ہوتا تھا۔ یہ پرامن ترین شہر تھا دنیا جہاں کے سفارت کار سیاح اور ہپی شہر میں گھومتے پھرتے رہتے تھے، ہوٹلز، ڈسکوز اور بازار آباد تھے، کراچی کا ساحل دنیا کے دس شاندار ساحلوں میں تھا۔

پی آئی اے دنیا کی چار بڑی ائیر لائینز میں شمار ہوتی تھی، یورپ، امریکا، مشرق بعید، عرب ممالک، سوویت یونین، جاپان اور بھارت جانے والے تمام جہاز کراچی اترتے تھے اور مسافر کراچی کے بازاروں میں ایک دو گھنٹے گزار کر اپنی منزل کی طرف روانہ ہوجاتے تھے، شہر میں ڈبل ڈیکر بسیں چلتی تھیں، حکومت نے انڈر گراؤنڈ ٹرین کے لیے شہر میں کھدائی مکمل کروا دی تھی اور یوں کراچی ایشیا کا پہلا شہر بننے والا تھا،جس میں میٹرو کی سہولت ہوتی۔

کراچی کی روشنیاں رات کو دن میں بدل دیتی تھیں‘ ہم تمام سفارت کار کراچی کو روشنیوں کا شہر کہتے تھے‘ کراچی کے بیچ بھی لاجواب تھے‘ ہم گورے ہفتہ اور اتوار کا دن بیچ کی گرم ریت پر لیٹ کر گزارتے تھے‘ ہم ساحل کے ساتھ ساتھ سائیکل بھی چلاتے تھے، کراچی میں دنیا بھر سے بحری جہاز آتے تھے اور ان بحری جہازوں کے ذریعے ہزاروں مسافر کراچی آتے تھے۔ کراچی خطے کا جنکشن بھی تھا، یورپ سے لوگ ٹرین کے ذریعے استنبول آتے تھے وہاں سے تہران، تہران سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے کراچی آتے تھے، کراچی میں رک کر ٹرین کے ذریعے انڈیا چلے جاتے تھے اور وہاں سے سری لنکا، نیپال اور بھوٹان تک پہنچ جاتے تھے۔

کراچی میں دنیا کی جدید ترین مصنوعات ملتی تھیں‘ میں نے زندگی کا پہلا ٹیپ ریکارڈر‘ پہلا رنگین ٹی وی اور پہلا ہیوی موٹر بائیک کراچی سے خریدا،یہ شہر بڑی گاڑیوں کی بہت بڑی مارکیٹ ہوتا تھا۔ جاپان‘ یورپ اور امریکا سے مہنگی گاڑیاں کراچی آتی تھیں اور کراچی کے سیٹھ باقاعدہ بولی دے کر یہ گاڑیاں خریدتے تھے۔ یہاں کا ریلوے اسٹیشن دنیا کے بہترین اسٹیشنوں میں شمار ہوتا تھا ’ٹرینیں جدید‘ صاف ستھری اور آرام دہ تھیں اور ا ن میں کھانا بھی صاف ستھرا اور معیاری ملتا تھا ہم میں سے زیادہ تر سفارت کار ریٹائرمنٹ کے بعد کراچی میں قیام کے منصوبے بناتے تھےاور یہاں پراپرٹی خریدنے کی کوشش بھی کرتے تھے‘ شہر صاف ستھرا تھا‘ فضا بہت اچھی تھی‘ سردیوں اور گرمیوں میں درجۂ حرارت معتدل رہتا تھا‘ بیورو کریسی پڑھی لکھی۔

محب وطن اور کوآپریٹو تھی ۔اور حکومتی عہدیدار اعلیٰ تعلیم یافتہ اور کلچرڈ تھے۔میں نے ایوب خان کے ایک مشیر کے گھر اپنی زندگی کی سب سے بڑی پرائیویٹ لائبریری دیکھی تھی ۔لوگ بہت مہمان نواز تھے‘ شہر میں کسی قسم کی ٹینشن اور خوف نہیں تھا‘ کراچی کے کسی سفارتخانے کے سامنے سیکیورٹی گارڈ یا پولیس نہیں ہوتی تھی‘ ہم اپنے ہاتھ سے سفارتخانے کا گیٹ کھولتے اور بند کرتے تھے۔ پاکستان کے لیے کسی ملک کے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی’پاکستانی شہری جہاز میں سوار ہوتے تھے‘ یورپ کے ممالک میں اترتے تھے اور انھیں ائیرپورٹ پر ویزہ مل جاتا تھا‘ اس کی وجہ بہت دلچسپ تھی پاکستان اس وقت دنیا کا واحد ملک تھا جس میں صرف ان لوگوں کو پاسپورٹ دیا جاتا تھا جو واقعی جینوئن مسافر ہوتے تھے، پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے اپنے خوش حال ہونے صاحب جائیداد ہونے اور سفر کی وجوہات کے ثبوت دینا پڑتے تھے۔

چنانچہ پاکستان کے جس شہری کے پاس پاسپورٹ ہوتا تھا‘ اس کا مطلب ہوتا تھا ‘وہ صاحب حیثیت جینوئن مسافر ہے لہٰذا تمام ممالک اسے ’’ آن ارائیول‘‘ ویزہ دے دیتے تھے‘ معیار تعلیم پورے خطے میں بلند تھا‘ طالب علم یورپ‘ عرب ممالک‘ افریقہ‘ مشرق بعید‘ ایران‘ افغانستان اور چین سے تعلیم حاصل کرنے کے لیے پاکستان آتے تھے اور کراچی اور لاہور کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخل ہوجاتے تھے، امریکا اور یورپ کے پروفیسر روزگار کے لیے پاکستان کا رخ کرتے تھے۔

کراچی شہر میں ایک ہزار کے قریب غیر ملکی ڈاکٹر طبیب اور پروفیسر تھے پاکستان کا بینکنگ سسٹم جدید اور فول پروف تھا‘ بجلی‘ ٹیلی فون اور گیس کاانتظام بہت اچھا تھا‘ سیوریج سسٹم شاندار تھا‘ کراچی میں بارش کے آدھ گھنٹے بعد سڑکیں خشک ہو جاتی تھیں ’روزگار کے مواقع عام تھے‘ فیکٹریاں لگ رہی تھیں اور مال ایکسپورٹ ہو رہا تھا‘ ٹیلی ویژن نیا نیا آیا تھا چنانچہ کراچی کی چھتوں پر انٹینوں کی لمبی قطاریں دکھائی دیتی تھیں۔

ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے عہدیدار اس وقت امریکی ایمبیسی آتے اور ہمیں کہتے تھے تم کسی طرح پاکستانی حکومت کو قرضہ لینے پر مجبور کرو ہم وزیر خزانہ سے بات کرتے تھے تو وہ کہتا تھا ’’ہمیں ضرورت ہی نہیں‘‘ ہم پیسے لے کر کیا کریں گے یہاں پہنچ کر امریکی سفارت کار نے لمبی آہ بھری اور حسرت سے کہا ہم سفارت کار اس وقت ایک دوسرے سے پوچھتے تھے۔

کراچی 1980ء تک پہنچ کر دنیا کا سب سے بڑا شہر ہو گا یا لندن اور نیویارک اور ہمارے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہوتا تھا اس کے بعد اس سفارت کار نے ایک اور لمبی آہ بھری اور کہا ’’ میں آج ٹی وی پر کراچی کے حالات دیکھتا ہوں یا پھر اس کے بارے میں خبریں پڑھتا ہوں تو مجھے بہت افسوس ہوتا ہے اور میں بڑی دیر تک سوچتا رہتا ہوں کیا واقعی یہ وہی شہر ہے میں جس میں پندرہ سال رہا اورجسے میں دنیا کا شاندار ترین شہر سمجھتا تھا‘‘