سردی بڑھ گئی، لاہور آج بھی آلودہ ترین قرار

December 07, 2021


ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں سردی بڑھ گئی، جبکہ یہ آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار 185 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کرغیزستان کا دارالحکومت بشکک 180 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے اور چین کا شہر ووہان 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار

اس فہرست میں پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی 165 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس نے پاکستان میں آلودہ ترین شہر لاہور اور بہاولپور کو قرار دیا ہے، ان دونوں شہروں میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار 185 ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس فہرست میں فیصل آباد 169 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے اور کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

ادھر محکمۂ تحفظِ ماحولیاتِ پنجاب نے آج لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس جاری کر دیا جس کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 318 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور کے لوئر مال پر پرٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار 164، ٹاؤن شپ اور لیک سٹی میں 148 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔

سردی بڑھنے سے اسموگ کے ساتھ فوگ میں بھی اضافہ ہوا ہے، محکمۂ موسمیات نے لاہور میں کم سے کم درجۂ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمۂ ماحولیات کے مطابق لاہور شہر میں بارش نہ ہونے تک فضائی آلودگی برقرار رہے گی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی سے نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر انفیکشنز کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اسموگ کے اثرات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ماسک لگایا جائے۔