معاشرے، حکومتی ردعمل سے ثابت ہوگیا ہم بھارت جیسے نہیں ہیں، فواد چوہدری

December 07, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے بعد معاشرے اور حکومتی ردعمل نے ثابت کردیا ہم بھارت جیسے نہیں ہیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں متشدد ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی موت پر معاشرے اور حکومت نے ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے اور حکومت کے ردعمل سے ثابت ہے ہم بھارت جیسے نہیں، پڑوسی ملک میں روز ایسے واقعات ہوتے ہیں، مگر وہاں پتّہ تک نہیں ہلتا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے بعد جس طرح قوم اکٹھی ہوئی تھی وہ اتحاد آج بھی برقرار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کابینہ نے سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ذمے داران کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے پریانتھا کمارا سے متعلق تقریب سے خطاب میں کہا کہ سری لنکن منیجر کے خاندان کو ہر ماہ باقاعدگی سے تنخواہ دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کے تاجروں نے پریانتھا کمارا کی فیملی کے لیے 1 لاکھ ڈالرز اکٹھے کیے ہیں۔

عمران خان نے دوران خطاب پریانتھا کمارا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرات کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ پر فخر ہے، اخلاقی قوت ہمیشہ جسمانی قوت سے زیادہ ہوتی ہے، جس نے بھی اب دین کو استعمال کیا اور رحمت اللعالمین ﷺ کے نام پر ظلم کیا انھیں نہیں چھوڑنا۔