اوور سیز کمیونٹی کو پاکستان کی اسمبلیوں میں نمائندگی دینے کا منصوبہ ہے، چوہدری محمد سرور

December 08, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی ممتاز کاروباری شخصیت ملک عمران نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے اعزاز میں ایک عصرانہ دیا جس میں ان کے چیدہ چیدہ دوستوں نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر اپنے خطاب میں بیرون ملک مقیم پاکستایوں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پاکستان کے محسن ہیں جو ہر سال اپنے آبائی ملک میں30بلین ڈالر کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں جبکہ پاکستان آنے پر مزید کئی بلین ڈالر خرچ کرتے ہیں، یہ لوگ نہ صرف پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے کفیل ہیں، بلکہ اپنے آبائی وطن کی معیشت کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں، ہم ان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ان کو پاکستان کی اسمبلیوں میں بھی نمائندگی دینے کا منصوبہ ہے۔ چوہدری محمد سرور نے بتایاکہ انہوں نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران برٹش اور اسکاٹش حکومت کے وزرا اور ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی و سماجی تعلقات کو مضبوط تر کرنے زور دیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت بڑھانے کے بے پناہ مواقع ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ یہاں کی مقامی سیاست میں بھرپور حصہ لیں۔ اس طریقے سے وہ نہ صرف مقامی کمیونٹی اور رہائشی ملک بلکہ اپنے آبائی وطن پاکستان کی بھی زیادہ بہتر طریقے سے خدمت کرسکتے ہیں۔ بیلی کونسلر حنیف راجہ نے چوہدری محمد سرور کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر پاکستان سے جو لیڈر آتے ہیں ان کا دورہ اور تمام کام فوٹو سیشن تک ہی محدود ہوتا ہے جبکہ چوہدری محمد سرور نے اس دورے میں پاکستان کے لیے بہترین کام کیا ہے۔ ممتاز سیاسی و سماجی رہنما ملک غلام ربانی نے کہا کہ چوہدری محمد سرور کی برطانیہ اور پاکستان دونوں ممالک کے لیے شاندار خدمات ہیں۔ تقریب سے ملک عمران، ڈاکٹر ایف خان، مرزا امین، شاہد احمد، عاطف امتیاز احمد اور ملک تیمور نے بھی خطاب کیا۔