ایجویئر میں LSL کی تقریب تقسیم انعامات، تینوں فارمیٹ کی فاتح افغان یونائیٹڈ کو ٹرافی اور کیش انعام دیاگیا

December 08, 2021

لندن ( پ ر ) لندن سپر لیگ (ایل ایس ایل) کی تقسیم انعامات کی تقریب ایجوئیر میں منعقد ہوئی۔تقریب کی ابتدائی نظامت محمد فیصل ایڈمن سیکرٹری نے کی اور آغاز فرید الرحمٰن نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ چیئرمین ایل ایس ایل محمد فرہاد اور وائس چیئرمین ملک منگل نے اپنی ابتدائی تقاریر میں لیگ کے اغراض و مقاصد اور حاصل کیے گئے اہداف اور مستقبل کا پلان بیان کیا۔ تقریب کے آغاز میں ایل ایس ایل کی لانچنگ اور میڈیا کوریج کی وڈیو بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں مخصوص افغانی میوزک پر وننگ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پرجوش رقص بھی کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ابرار میر پریذیڈنٹ ایل ایس ایل نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ افغان یونائیٹڈ نے ایل ایس ایل کی لیگ ٹرافی اور دوہزار پونڈ کیش ایوارڈ، ٹی ٹین ٹرافی اور پانچ سو پونڈ کیش ایوارڈ اور منگل منی ٹرانسفر ٹی ٹوئنٹی اور ایک ہزار پونڈ کیش ایوارڈ کے تینوں مقابلوں میں چیمپئنز بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ لندن زلمی لیگ مقابلوں میں دوسرے نمبر پر رہی اور ڈی اینڈ آر سٹرا ئیکرز نے ٹی ٹوئنٹی اور ٹی ٹین مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ایل ایس ایل فیئر پلے کی ٹرافی پرنس کلب جیتنے میں کامیاب رہا۔ میئر آف بارنٹ کونسلر نیکسن کارنیلئیس اور لارڈ قربان حسین نے فاتح ٹیموں کے کپتان تمیم صدیقی، ابرار میر، زاہد بنگش اور محمد فیصل اور انکے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش ایوارڈز تقسیم کیے۔ دونوں مہمانان خصوصی نے ایل ایس ایل کی مینجمنٹ کو شاندار سالانہ تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں کے علاوہ تمام ٹیموں کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ ملٹی کلچرل لیگ کی وجہ سے کھلاڑیوں اور حاضرین میں بہت جوش و خروش تھا جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کھیلوں سے تمام کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔ میئر آف بانٹ نے کہا کہ تقریب میں شرکت کرکے میں بہت متاثر ہوئی ہوں۔ لارڈ آف لوٹن نے کہا کہ میں خود تو کوئی اچھا کرکٹر نہیں تھا لیکن ہمیں چاہیے کہ کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ نوجوان خرابیوں سے بچ سکیں۔ دونوں مہمانان نے شیخ علی الرحمٰن، ملک منگل اور محمد فرہاد میں لیگ سپانسرز اور ابرار میر کو مینجمنٹ کی بہترین کارکردگی پر خصوصی ایوارڈز تقسیم کیے جبکہ لیگ چیئرمین محمد فرہاد اور وائس چیئرمین ملک منگل نے میئر آف بارنٹ کونسکر کارنیلئیس، لارڈ آف لوٹن قربان حسین، CEO کیپیٹل کڈز شاہد العالم رتن، CEO لائم لائٹ فاؤنڈیشن منصور علی خان اور کمنٹریٹر کمال پربھارکر کو Guests of Honours کے خصوصی ایوارڈز دیئے۔ شیخ علی الرحمٰن، شاھد العالم رتن، گلفراز ریاض، سابق کونسلر محبوب چوھدری، شاہ یوسف، ابو سفیان، ابھیجیت سن، کمال پربھارکر، ڈاکٹر منور حسین، عبدالصمد موسیٰ، نبی بنگش اور آصف خان نے ایمپائرز اور ٹیموں کے علاوہ منفرد کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش ایوارڈز تقسیم کیے۔ ایل ایس ایل کے بہترین بیٹسمین کا اعزاز مریض رحمٰن، بہترین بالر عاصم قیوم جبکہ ارفی خان اور محمد محسن مشترکہ طور پر بہترین آل راؤنڈر قرار پائے۔ جس میں ہر کھلاڑی کو ٹرافی اور دوسو پونڈ کیش ایوارڈ دیا گیا۔ اسماعیل بحرامی نے نوجوان کھلاڑی اور زاھد اقبال نے سینئر کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ فضل رحمن نے ٹی ٹین اور اسماعیل بحرامی نے ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ محمد اسحاق، الیاس شریف، کبیر شاہ، ذیشان عزیز، عدنان ملک، خالد سٹیکنزئی اور نذر خان نے ایمپائرز کے انعامات حاصل کیے۔