برطانیہ:ٹرک ڈرائیوروں کی کمی سےپیدا ہونے والی صورت حال میں بہتری

December 08, 2021

لندن (پی اے) برطانیہ میں ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کے سبب پیدا ہونے والی صورت حال میں کچھ بہتری کے آثار پیدا ہوئے ہیں۔ ٹریڈ ایسوسی ایشن لاجسٹک یوکے نے کہا کہ یہ پیشہ چھوڑ جانے والوں کی دوبارہ واپسی پر صورت حال میں بہتری پیدا ہو رہی ہے۔ گروپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بہتر مستقبل کی امید پر زیادہ زیر تربیت افراد اس طرف آرہے ہیں۔ گروپ کا کہنا ہے کہ حکومت اور انڈسٹری کو اس سیکٹرکو نئے لوگوں کیلئے زیادہ پرکشش بنانے کیلئے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔ برطانیہ میں پیٹرول سٹیشن سے سپر مارکیٹ تک ہر ایک ٹرک ڈرائیوروں کی شدید کمی سے متاثر ہوا تھا اور ریٹیلرز کو اپنے صارفین کو متنبہ کرنے پر مجبور ہونا پڑا تھا کہ ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کے سبب اب انھیں کرسمس پر اشیائے خوردونوش کے چوائس میں کمی کرنا ہوگی۔ لاجسٹکس یوکے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موسم خزاں کے شروع میں 2019ء کے مقابلے میں 44,000 ٹرک ڈرائیوروں کی کمی تھی۔ تاہم جولائی سے ستمبر 2019ءکے دوران ایچ جی وی ڈرائیور پاس کرنے والوں کی شرح میں 25.6 اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں سال کے 9 ماہ کے دوران ڈرائیوروں کی تنخواہوں میں 10فی صد اضافہ کیا گیا۔ لائجسٹک یوکے کی پالیسی ڈائریکٹر ایلزبتھ ڈی جونگ نے کہا کہ اب چند ماہ کے اندربحالی کی امید کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کٹھن وقت ہے اور اب بھی ڈرائیوروں کی شدید کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے سہولتوں کا فقدان بھی نوجوانوں کی جانب سے یہ پیشہ ترک کرنے کا ایک سبب ہوسکتا ہے۔ انھوں نے خیال ظاہر کیا کہ ڈرائیوروں اور لاجسٹکس کے دیگر عملے کی کمی کے سبب اس دفعہ کرسمس پر بہت کم اقسام کی اشیاء دستیاب ہو سکتی ہیں اور ریٹیلرز کو اشیاءکا ذخیرہ کرنے میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے۔