اوورسیز کو ووٹ کا حق دیناوزیراعظم کا دلیرانہ اقدام ہے ،مسعود اقبال

December 08, 2021

راچڈیل(نمائندہ جنگ)ہم وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر دل کی گہرائیوں سے ممنون ہیں جنہوں نے اس انتہائی اہم مسئلے پر دلیرانہ قد م اٹھایا ہے ان خیالات کا اظہار معروف امیگریشن ماہر قانون مسعود اقبال جنجوعہ نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک 90لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو ووٹ کے اس حق کو استعمال کر سکیں گے اس قانونی ترمیم کو ختم کرنا ناممکن ہو جائے گا اور بعد میں آنے والی حکومتیں بھی اس کی پیروی کریں گی تمام پارٹیوں کو ان کے مطالبات کو مد نظر رکھنا پڑے گا اس سے قبل اوورسیز کو ووٹ کا حق حاصل نہ تھا اور نہ ہی انہیں خاص اہمیت دی جاتی تھی جبکہ پاکستان کی معیشت کا دارو مدار ان اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے بھیجے جانیوالے زر مبادلہ پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے وہاں انگلینڈ ‘ کینیڈا ‘ یورپ سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی چار چار سیٹیں مختص کرنا چاہیے جبکہ مڈ ل ایسٹ اور سعودیہ کی بھی چار چار سیٹیں مقرر کی جائیں دوسری طرف پاکستان کا آئین یہ کہتا ہے کہ وہ شخص ایم این اے بن سکتا ہے جس کے پاس ڈبل نیشنلٹی نہ ہو مگر برطانیہ اور کینیڈا جیسے ممالک میں پاکستانی ڈبل نیشنلٹی ہونے کے باوجود انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں اور ان پر کوئی قدغن نہیں ۔ ایسی ترامیم کی توقع بھی پی ٹی آئی کی حکومت سے ہے کہ وہ ایسی سہولیات پیدا کرے جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو یہ احساس ہو سکے کہ وہ اپنے گھر آئے ہیں ۔