’’فری کشمیروالے بینر کامقصد مقبوضہ کشمیر پرتوجہ مبذول کراناتھا‘‘

December 08, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) مانچسٹر کے ممتاز بزنس مین چوہدری رفاقت علی کی جانب سے گزشتہ روز فٹبال میچ کے دوران بھارتی تسلط کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں طیارہ سے بینر لہرایاگیا۔بینر میں کشمیریوں کی آزادی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یہ بینر اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مانچسٹر یونائیٹڈ اور کرسٹل پیلس کے فٹبال میچ کے دوران لہرایا گیا۔ چوہدری رفاقت علی نے روز نامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال میچ کے دوران مقبوضہ کشمیر سے متعلق بینرلہرانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی جانب مبذول کراناتھا۔انہوںنے کہا کہ مانچسٹر میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے منفرد آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ برطانیہ کے شہریوں کو آگاہ کیا جاسکے کہ بھارت کے زیر قبضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرسٹل پیلس اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے فٹ بال میچ کے موقع پر فری کشمیر والے بینر لگے طیارے کی پرواز کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی جانب د دلانا تھا۔کشمیریوں کو کم ازکم زندہ رہنے کا حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس تحریک آزادی کشمیر سے متعلق آگاہی مہم گاڑی پر اشتہار لگا کر بھی چلائی گئی ہے۔