لاہور، ڈرائیور ٹرین کھڑی کرکے دہی لینے چلا گیا

December 08, 2021

لاہور (نیوز ڈیسک) ٹرین کھڑی کر کے دہی لینے جانے والے ڈرائیور کو وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے معطل کر دیا۔ کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب انجن نمبر 5217کا اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی لینے کیلئے بازار چلا گیا جسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی نے وائرل ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ٹرین ڈرائیور رانا محمد شہزاد اور افتخار حسین اسسٹنٹ ڈرائیور کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ اس طرح کے واقعات مستقبل میں بھی برداشت نہیں کیے جائینگے، اگر آئندہ بھی کوئی ایسا واقعہ پیش آیا تو اس کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائیگا، پاکستان ریلوے قومی امانت ہے، اسکو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے۔