فیصل آباد، اخلاقیات کی دھجیاں اڑا دیں، خواتین پر تشدد، برہنہ کر کے ویڈیو بنائی

December 08, 2021

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاون کے علاقے باوا چک میں اخلاقیات کی دھجیاں اڑا دی گئیں ، چوری کا الزام لگا کر خواتین پر تشدد، برہنہ کر کے ویڈیو بنائی ، کچرا چننے والی چار خواتین کو برہنہ کر کے تشدد کرنے کے الزام میں پانچ ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق چاروں متاثرہ خواتین علاقے میں کاغذ چننے کے لیے گئی ہوئی تھیں۔ اس دوران وہ پانی پینے کے لیے ایک الیکٹرک اسٹور میں داخل ہوئیں تو الیکٹرک اسٹور کے مالک صدام اور تین ملازمین نے انہیں چوری کے الزام میں پکڑ کر تشدد شروع کر دیا۔ اس دوران مزید افراد بھی وہاں جمع ہو گئے اور چاروں خواتین کو تشدد کرتے ہوئے دکان سے باہر بازار میں لا کر برہنہ کر دیا گیا۔ ملزمان برہنہ حالت میں متاثرہ خواتین کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔ پولیس کے مطابق چار نامزد ملزموں صدام، فیصل، ظہیر انور، فقیر حسین اور آٹھ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے،صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ پولیس کو ملنے والی سی سی ٹی وی اور دیگر فوٹیجز میں خواتین خود اپنے کپڑے اتار کر بے لباس ہوتی دیکھی جا سکتی ہیں ۔ دکانداروں کی جانب سے دو خواتین کو پکڑ کر زبردستی دکان کے اندر لے جایا گیا ۔ ویڈیو میں خواتین خود اپنے کپڑے پھاڑتی نظر آتی ہیں جبکہ دکان کے باہر موجود ان کی دو ساتھی خواتین بھی سی سی ٹی وی فوٹیج میں خود کو بے لباس کرتی نظر آتی ہیں۔