سندھ، ایم ڈی کیٹ میں 50 فیصد نمبر لینے والے طلبہ میڈیکل تعلیم کے اہل قرار

December 08, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے ایم ڈی کیٹ میں50فیصد نمبر لینے والے طلبہ کو میڈیکل کالجز میں داخلے دینے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا تاہم پاکستان میڈیکل کونسل کا کہنا ہے کہ65فیصد سے کم نمبر لانے والے رجسٹر کیے جائیں گے اور نہ ہی ملک میں پریکٹس کے اہل ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کو سرکاری اور پرائیوٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کا اختیار دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کو کہا گیا ہے کہ وہ 2 دسمبر کو ہونے والے سندھ کابینہ اجلاس کی فیصلے کے مطابق سندھ کے پبلک اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلے شروع کریں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 50 فیصد سے کم طلبہ و طالبات داخلے کے اہل نہیں ہوں گے، چند روز قبل سندھ کابینہ کی جانب سے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلوں کے لیے پاسنگ پرسنٹیج 65 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کرنے کی منظوری دی تھی۔