انصاف فراہمی میں پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی انتہائی افسوسناک ہے، حمید اکبر

December 08, 2021

پشاور( وقائع نگار)پاکستان تحریک استقلال کے سابق صوبائی چیئرمین وسابق ڈسٹرکٹ ممبر پشاورحمیداکبرخان آفریدی نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کی جیلوں میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید افرادمحض اس وجہ سے رہائی سے محروم ہیں کہ وہ اپنے کیلئے وکیل نہیں کرسکتے ہیں،ان حالات میں حکومت وقت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے افرادکوقانونی معاونت فراہم کرے،ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزیاسین آبادمیں واقع اپنی رہائشگاہ پر منعقدہ اجلاس کے دوران کیا،جس میں معروف نوجوان سیاسی شخصیت احسن اکبرآفریدی، ممتاز سماجی شخصیت الحاج نائب خان بنگش سمیت دیگرنے کثیرتعدادمیں شرکت کی،حمیداکبرخان نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی میں پاکستان کی عالمی سطح پردرجہ بندی انتہائی افسوسناک ہے اورملک بھرسمیت خیبرپختونخواکی جیلوں میں قیدافرادکی رہائی میں حائل رکاوٹیں اس بات کی دلیل ہیں کہ وطن عزیز میں انصاف کی فراہمی میں بہتری کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ صوبے کی جیلوں میں وکیل کی سکت نہ رکھنے والے قیدیوں کوقانونی معاونت فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جائیں۔