’اک تعلق تھا فقط‘ کی رونمائی اور محفلِ مشاعرہ کا انعقاد

December 08, 2021

‎بیوٹی آف ہیومنٹی کی جانب سے النور انٹرنیشنل شاعر شاہ عالم عصر اور اردو گھر کے تعاون سے شاہ عالم اثرؔ کی کتاب ’اک تعلق تھا فقط‘ کی رونمائی اور مشاعرے کی محفل مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کی گئی۔

اس تقریب میں پاکستان کے نامور شاعر عباس تابش سمیت امریکا کے معروف شعراء کمیونٹی، رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس میں شعراء نے اپنے کلام کے ذریعے بھرپور رنگ جمایا اور ڈھیروں داد و تحسین سمیٹی۔

خراب موسم کے باوجود اردو ادب کے قدر دانوں کی ایک بڑی تعداد نے مشاعرے اور فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی، تقریب کے پہلے حصے میں کتاب کی رونمائی کے ہمراہ فنڈ ریزنگ بھی کی گئی جس میں وہاں موجود کمیونٹی افراد نے دل کھول کر عطیات دیئے۔

تقریب کے پہلے حصے کی صدارت ممتاز ادبی شخصیت اور کمیونٹی رہنما عرفان علی نے کی جبکہ اعزازی مہمان شاعرہ ڈاکٹر شمشہ قریشی اور مہمانِ اعزازی نیویارک سے آئے شاعر وکیل انصاری تھے۔

پاکستان سے مدعو کیے گئے معروف شاعر عباس تابش کو خصوصی طور پر اس تقریب کے لیے مدعو کیا گیا تھا، مشاعرہ اور تقریب کی نظامت کے فرائض معروف شاعر نور امرہوی نے کی۔

اس موقع پر دیگر مقررین جس میں شیخ اعجاز سعید قریشی، سید فیاض الحسن قاضی، مسعود اونکار سنگھ، اویس نصیر اور شاعر عباس تابش نے شاعر شاہ عالم اثرؔ کی کتاب ’اک تعلق تھا فقط‘ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ عالم ایک زندہ دل اور محبت سے بھرپور شخصیت کے حامل شخص ہیں اور ان کے کلام ان کی کتاب اور ان کی مصوری میں اس بات کا عکس نمایاں طور نظر آتا ہے۔

مقررین نے شاہ عالم کی ذات کو بھی محبت سے بھرپور ایک نمونہ قرار دیا ہے، کتاب کے مصنف شاہ عالم نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اس کتاب میں انہوں نے اپنی زندگی کے سنہرے لمحات کو قرطاس ابیض پر رقم کرنے کی کوشش کی ہے اور واقعات کو مختصر الفاظ میں بیان کیا ہے۔

پاکستان کے معروف شاعر عباس تابش نے اپنے خطاب میں شاہ عالم کو ان کے کام پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا کہ شاہ عالم کی کتاب کے ہر صفحے سے محبت جھلکتی ہے جس میں محبت کا ذکر بدرجہ اتم موجود ہے۔

انہوں نے شاہ عالم کو تہہ دار شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کلام میں ہر تہہ محبت سے بھری اور محبت سے گُندھی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ اچھی شاعری ایک اچھا انسان ہی کر سکتا ہے اور یہ چیزیں وقت آنے پر ثابت بھی ہوئی ہیں۔

پروگرام کے دوسرے حصّے میں شعراء عباس تابش، سید یونس اعجاز، وکیل انصاری، یونس اعجاز، مسعود قاضی، نور امرہوی، ڈاکٹر شمشہ قریشی، شیخ اعجاز سعید قریشی،اور شاہ عالم اثر نے اپنے اشعار اور خوبصورت شاعری سے آنے والے حاضرین کو رات دیر گئے تک محظوظ کیا۔