ویڈیو: بھارتی جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر کے گِر کر تباہ ہونے کے مناظر

December 08, 2021

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت کے تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی ویڈیو سامنے آگئی۔

بھارتیخبر رساں ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پر دو ویڈیوز شیئر کی گئیں ہیں جن میں جنرل بپن راوت کے گِر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقامی افراد کی جانب سے ہیلی کاپٹر کی آگ بھجانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ مقامی افراد ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر ہیلی کاپٹر کے ملبے سے زخمی اور جاں بحق افراد کو نکالنے کی کوشش بھی کررہے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کچھ جلی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ جنرل بپن راوت حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں اب تک 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو کے ہل اسٹیشن کونور کے جنگل میں گر گیا۔

ملٹری ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت بھی سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں بپن راوت کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز اور فضائیہ کے پائلٹس سمیت 14 افراد سوار تھے۔

واقعے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، جس کے دوران 3 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 11 افراد کی لاشیں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔