امریکی ایوان نمائندگان نے اسلاموفوبیا کے خلاف بل منظور کرلیا

December 15, 2021

امریکی ایوان نمائندگان نے اسلاموفوبیا کے خلاف بل منظور کر لیا۔ بل کے حق میں 219 جبکہ مخالفت میں 212 ووٹ آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلاموفوبیا کے خلاف بل امریکی ایوانِ نمائندگان کی مسلمان ڈیموکریٹ رکن الہان عمر نے پیش کیا۔

بل پیش کرتے ہوئے ری پبلکن رکن کانگریس نے الہان عمر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بل پر بحث میں ریپبلکن رکن اسکاٹ پیری نے الہان پر دہشتگرد تنظیم سے تعلق کا الزام لگایا۔

خبر ایجنسی کے مطابق بل منظور ہونے کے بعد اسکاٹ پیری کے الفاظ ایوان کی کارروائی سے حذف کردیےگئے۔

رپورٹ کے مطابق بل کا مقصد دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کے واقعات کو امریکی محکمہ خارجہ کے علم میں لانا ہے۔ بل کی منظوری کے بعد امریکی محکمہ خارجہ میں خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق خصوصی نمائندہ محکمہ خارجہ کو اسلاموفوبیا سے متعلق واقعات رپورٹ کرے گا۔