سردیوں کے موسم میں باغبانی کیسے کی جائے؟

December 25, 2021

پاکستان کو قدرت نے چار موسموں سے نوازا ہے اور یہاں ہر موسم اپنے انوکھے رنگ بکھیرتا نظر آتا ہے۔ سردیوں کا موسم آتے ہی پاکستان میں پھولوں کا موسم شروع ہو جاتا ہے اور مئی تک رنگا رنگ پھول اپنے جلوے بکھیرتے اور دلوں کو لُبھاتے ہیں۔

سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی گیندے، گل کلغہ اور گل داؤدی جیسے خوبصورت پھول اپنے رنگ بکھیرنا شروع کردیتے ہیں۔ یہ پودے چونکہ گملوں میں بھی پھول دیتے ہیں، اس لیے گھر کے کسی بھی مناسب حصے میں گملے خرید کر ان پھولوں کو اپنے گھر کا خوبصورت حصہ بنانا آسان ہوجاتاہے۔

سردیوں کے موسم کی مناسبت سے کئی پھولوں کا انتخاب کیا جاسکتا ہے، تاہم ذیل میں چند ایسے پھولوں پر بات کی جائے گی، جن سے آپ بہت مناسب انداز سے اپنا شوق پورا کر سکتے ہیں اور پورے گھر کو پھولوں سے بھر سکتے ہیں۔ موسم سرما میں چونکہ دھوپ میں حدت نہیں ہوتی اس لیے تھوڑی سی توجہ سے آپ مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور ان پھولوںکو آپ گملوں میں لگا کر بیرونی دیواروں ، برآمدوں اور اگر کیاریاں موجود ہیں تو لان کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

گل اشرفی

گل اشرفی بہت ہی خوبصور ت پھول ہے، جو گملوں میںبڑی آسانی سے اُگایا جا سکتا ہے۔ نرسریوں سے اس کی پنیری مل جاتی ہے،اگر گھر میں جگہ زیادہ ہے تو پنیری لے آئیں اور اسے کیاریوں اور گملوں میں لگا لیں ورنہ نرسری سے چند ایک چھوٹے گملوں میں گل اشرفی لگا خرید لیں ،سارا سیزن پھول اپنی بہار دِکھاتے رہیں گے۔

نیسٹریشیم

نیسٹریشیم (Nasturtium) بھی اسی طرح گملوں اور کیاریوں میں لگایا جاتا ہے اور یہ بھی مئی تک پھول دیتا رہتا ہے،اس کے بھی آپ چند گملے خرید سکتے ہیں۔

پٹونیا

پٹونیا (Patunia) بہت ہی خوبصورت پھول ہے، دنیا کا کوئی رنگ ایسا نہیں جو اس میں شامل نہ ہو۔ رنگ برنگے پھول آپ کو ہمیشہ ہشاش بشاش رکھیں گے۔اسے بھی اسی طرح آپ گملوں یا کیاریوں میں لگا سکتے ہیں اور یہ بھی سارا سیزن پھول دیتا رہتا ہے،اس کے بھی آپ چند گملے خرید سکتے ہیں۔

السی

اکثر گھروں میں اس کا استعمال ہوتا ہے ۔آپ کسی پنساری کی دکان سے پانچ، دس روپے میں اس کے بیج خرید لیں اور کیاروں یا گملوں میں بو دیں۔ یہ سخت جان پودا ہے جو آسانی سے اُگ جائے گا اور سارا سیزن پھول کھلتے رہیں گے۔

گل کلغہ

گل کلغہ کو موسم سرما کی آمد سے قبل موسمی پھول کے طور پر باغات اور گھریلو باغیچوں میں لگایا جاتا ہے۔ اسے انگریزی میں Celosia کہا جاتا ہے۔ اس کی پنیری اگست سے ستمبر کے دوران منتقل کی جاتی ہے۔تاہم اب بھی دیر نہیں ہوئی، اگر آپ کو یہ پھول پسندہے تو جلدی کیجئے اور اس کی پنیری لگالیجئے۔ اس پر مرغ کی کلغی کی طرح کے زرد، نارنجی اور گلابی رنگ کے نرم و ملائم اور مخمل جیسے خوبصورت پھول آتے ہیں۔

دراصل یہ ایک سدا بہار پودا ہے، جسے آپ کسی بھی موسم میںلگا سکتے ہیں لیکن اسے اکثر موسم سرما کے پھول کے طور پر لگایا جاتا ہے۔ یہ ایک سخت جان اور نہایت تیزی سے بڑھنے اور پھلنے پھولنے والا پودا ہے۔ اس کے پودوں کو عام طور پر کیاریوں میں لگایا جاتا ہے، لیکن گھریلو پودے کے طور پر گملوں میں بھی لگا یا جا سکتا ہے ۔

گل کلغہ کی پنیری کو کیاریوں اور گملوں وغیرہ میں منتقل کرنے کے بعد اچھی طرح مناسب اور درمیانی مقدار میں پانی دیتے رہنا چاہیے، تاہم پھول آجانے کے بعد پانی کی فراہمی نسبتاً کم کردیں۔ دیگر پودوں کی طرح گل کلغہ کے پھول دار پودوں کے لیے بہت زیادہ یا بہت کم پانی کی مقدار نقصان دہ ہے۔

ٹھنڈی جگہ پر گھر کے اندر رکھے ہوئے پودے باہر رکھے گئے پودوں کی نسبت نہ صرف بہتر چلتے ہیں بلکہ اکثر ان کے پھولوں کے رنگ بھی شوخ ہوتے ہیں۔ گل کلغہ کے پودوں کے لیے ہوا میں نمی کی مقدار درمیانی ہونی چاہئے، جبکہ ان پودوں کو روشنی کی وافر مقدار بھی درکار ہوتی ہے۔ اکثر اوقات گل کلغہ پرپھپھوندی کا حملہ ہوتا ہے، ایسی صورت میں کوئی اچھا پھپھوندی کش زہر چھڑکا جا سکتا ہے۔

گرانڈس

گرانڈس(Grandis) کی افریقی قسم کے سفید پھولوں کے مرکز میں نیلے رنگ کی آنکھ ہوتی ہے اور اس کے گرد پیلی دھاری ہوتی ہے۔

ایکی مینز

ایکی مینز(Achimense) لٹکانے والے گملوں اور گلدستوں کے لیے موزوں پھول ہے اور گانٹھوں والے پودوں میں اس کے پھول سب سے زیادہ دلکش ہوتے ہیں۔ اس کی گانٹھیں ہلکی زرخیز زمین میں ایک انچ کی گہرائی پر یکے بعد دیگر لگائی جاتی ہیں۔ اس کے پودے پر نیلے سرخ اور دوسرے کئی رنگوں کے پھول نکلتے ہیں اور ان پھولوں کا منظر بڑا دلآویزا ہوتا ہے۔

اکروفیلنیم

اس کے پھول ڈیزی کے پھولوں جیسے ہوتے ہیں، ان کا رنگ سفید یا گلابی ہوتا ہے اور تمام موسم میں کھلتے رہتے ہیں۔ انہیں گملوں اور کیاریوں، دونوں جگہوں پر لگایا جاسکتا ہے۔ اس کے بیچ سے براہ راست پودا پیدا کیا جاسکتا ہے، سردیوں میں یہ اپنے شباب پر ہوتا ہے۔

کیلیفورنیا جائنٹ

ہ دو فٹ اُونچے ایک دیدہ زیب پودے کا پھول ہے جس کے اندر پیلی سلائیاں بھری ہوتی ہیں جن کے گرد لمبی پتیاں پھیلی ہوتی ہیں۔

اکوی لیگیا

اکوی لیگیا(Aquilegia) سدا بہار اور سخت جان پودا ہے، جو سوا دو فٹ تک اُونچا بڑھتا ہے۔ کھلی دھوپ یا نیم سایہ دار جگہوں پر خوب پھلتا پھولتا ہے۔ اس پر گلابی، نیلے، زرد، سفید اور قرمزی رنگ کے پھول کھلتے ہیں۔

ان کے علاوہ، گلارڈیا، گڈیشیا، کاغذی پھول، لوپینس، فلانکس، رڈبیکیا، سالویا، ورجینیا، گل خیرا، بیلس، کارن فلاور، کلارکیا، کوبیا، کاس ماس اور مارننگ گلوری بھی موسم سرما کے پھول ہیں۔