باتھ روم کیلئے کلر اسکیم کا انتخاب

December 25, 2021

یہ کوئی تعجب کی بات نہیں کہ باورچی خانے کے ساتھ ساتھ باتھ روم کو قابل استعمال، خوبصورت اور ضروری سہولتوںسے آراستہ کرنا اکثر لوگوں کی اولین ترجیح ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکان کی تعمیر یا تزئین نو کے دوران باتھ روم کے لیے مختلف ڈیزائن پر غور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ گھر کے احساس میں بڑا فرق لا سکتا ہے۔ چھوٹے سے چھوٹا باتھ روم بھی اگر شاندار طرزِ سجا وٹ سے تعمیرات کے مخصوص اصولوں کے ساتھ تیار کرایا جائے تو بڑے اور بے ترتیب باتھ روم سے کئی گنا زیادہ بہتر دکھائی دے گا۔ تاہم، نئی شکل اور رنگوں کا انتخاب ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، مگر آپ کو کہیں سے تو شروع کرنا ہوگا۔ اگر آپ نہیں جانتے کہ کس قسم کا ڈیزائن اور رنگ منتخب کیے جائیں تو ذیل میں بتائے گئے آئیڈیاز آپ کے لیے آسانی مہیا کریں گے۔

کلاسک سفید باتھ روم

باتھ روم ڈیزائن میں سفید کلر اسکیم کو ہمیشہ سے ہی پسندیدگی کی سند حاصل رہی ہے۔ یہ ایک سادہ اور نفیس رنگ ہے، جس کے ٹائلز اور دوسرا سینٹری سامان بآسانی بازار میں دستیاب ہے۔ تاہم، سفید ٹائلز کے ساتھ چینی کا سامان بھی چنا جاسکتا ہے جو سفید رنگ میں مزید نفاست اور جدت لاتا ہے۔ سفید رنگ چھوٹے باتھ روم کو بھی کشادہ دکھا تا ہے۔ سفیدباتھ ٹب، بیسن، شیلفس، الماریوں، کھڑکیوں وغیرہ سے مزین باتھ روم خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہوتا ہے۔

سفید اور نیلی کلر اسکیم

مکان کی تعمیر یا تزئین نو میں ٹائلز کو بنیادی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ صفائی میں کافی آسان ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دورِ جدید میں کوئی بھی باتھ روم ٹائلز کے بغیر ادھورا تصور کیا جاتا ہے۔ باتھ روم ٹائلز کے لیے سفید اور نیلی کلر اسکیم ایک اچھا امتزاج ثابت ہوگی۔ سفیداور نیلے رنگ میں ایک خاص نفاست اور چاشنی چھپی ہوتی ہے، جس کے ذریعے باتھ روم دلکش ماحول پیدا کرتا ہے۔ اس کلر اسکیم میں سفید اور نیلے پرنٹڈٹائلز یا سفید دھاری دار نیلی کلر اسکیم باتھ روم کو خوبصورت دکھائے گی۔

نیلا رنگ اور لکڑی کا استعمال

باتھ روم کی دیواروں پر گہرا نیلا رنگ ایک پرسکون تاثر چھوڑتا ہے۔ فرش کے لیے ہلکے رنگ کی لکڑی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، ان دنوں وینائل اور لکڑی سے مماثلت والی ٹائلیں بھی دستیاب ہیں جو باتھ روم میں خوبصورتی کا احساس دیتی ہیں۔ اس تھیم کے تحت شیلفس، واش بیسن کاؤنٹر اور فریمز کوگہرے رنگ کی لکڑی سے بنوائیں جبکہ سرامک کے سامان کے لیے نیلا رنگ دیدہ زیب لگتا ہے۔

سفید اور سنہری کلر اسکیم

سفید اور نیلی کلر اسکیم کی طرح باتھ روم کے لیے سفید اور سنہری کلر اسکیم بھی ایک منفرد انداز ہے۔ اگر آپ باتھ روم کی تعمیر کچھ نئے ٹرینڈ کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں تو اس میں سنہرے رنگوں کا اضافہ کیجیے۔ یہ چمکیلا رنگ سفید کے ساتھ مل کر باتھ روم کو شاہانہ انداز فراہم کرے گا۔ اس مقصد کے لیے دیوار، درمیان یا اوپر کی جانب گولڈلیف ماربل لگائے جاسکتے ہیں۔ ماہرین باتھ روم کی تعمیر کے دوران ماڈرن ٹچ کے لیےشیشے (باتھ مرر) کے لیے سنہرے فریم، دیوار کے لیے سنہری کلر اسکیم اور تو اور باتھ روم میں لگائے جانے والےنلوں کےلیے بھی سنہرے رنگ کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔

سفید اور سیاہ کلر اسکیم

باتھ روم کی تعمیر کے لیے سفید اور سیاہ رنگوں کے امتزاج کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ماہرین کے مطابق سفید اور سیاہ رنگوں والا باتھ روم سادہ اور نفیس تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بجٹ فرینڈلی بھی ہوتا ہے کیونکہ ان رنگوں کی چیزیں بآسانی اور نسبتاًکم قیمت میںدستیاب ہوتی ہیں۔ اس کلراسکیم کے تحت آپ باتھ روم کے فرش کے لیےسفید اور سیاہ ڈاٹس والے ٹائلز جبکہ شیشے کے لیے لکڑی کے فریم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ باتھ روم کی دیواروں پر لگنے والے ٹائلز کے لیے سیاہ یا سفید رنگوں میں سے کسی کا بھی انتخاب آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ تاہم، سفید رنگ نفیس اور جدید نظر آتا ہے، جو باتھ روم میں کشادگی کا احساس پیدا کرتا ہے۔

شوخ رنگوں کی اسکیم

شوخ رنگوں کا حامل باتھ روم منفرد انداز فراہم کرتا ہے۔ اس کلر اسکیم کے تحت باتھ روم کی دیواروں کو شوخ رنگوں والے وال پیپر سے سجائیں۔ اس کے ساتھ ہلکے رنگوں والا سینٹری سامان نصب کریں۔ شوخ اور ہلکے رنگوں کے امتزاج والی یہ کلر اسکیم جداگانہ انداز فراہم کرے گی۔

سبز رنگ اور پودے

کہتے ہیں کہ سبز رنگ بوجھل طبیعت کو پرسکون کرتا اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔ ہلکا سبز رنگ آپ کے باتھ روم کو پُر مسرت بنانے کے لیے بہترین ہے۔ اگر آپ سبز رنگ کے فرش کی کلر اسکیم تیار کریں تو ایک پُرسکون ماحول تخلیق کیا جاسکتا ہے۔ فلورل باتھ روم بنانے کے لیے اس کی کسی ایک یا سب دیواروں کے لیے فلورل وال پیپر یا فلورل ٹائلز کا انتخاب کیجیے۔ فلورل وال کے ساتھ باتھ ٹب اور واش بیسن کے لیے سفید رنگ بہتر رہے گا۔ باتھ روم کی کسی ایک دیوار کو پودوں کے لیے بھی مختص کیا جاسکتا ہے، اس پر عمودی انداز میں پودے لٹکائے جاسکتے ہیں۔ یہ پودےایک پرسکون ماحول کا احساس دیتے ہیں۔