2022 میں اپنے گھر کی قدر وقیمت بڑھائیں

January 09, 2022

نیا سال شروع ہوچکا ہے اور اس کے ساتھ ہی کئی خاندان نئے گھر میں منتقل ہورہے ہیں یا اپنا موجودہ گھر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہی وقت ہے کہ آپ اپنے گھر کی وہ اپ۔گریڈیشن کریں جس سے قلیل سے وسط دمدت میں آپ کے گھر کی قدر و قیمت میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہو۔

اس سلسلے میں نئے سال کے موقع پر ایک بین الاقوامی سروے کیا گیا ہے، جس میں معروف انٹیریئر ڈیزائنرز، ریئل اسٹیٹ ایجنٹس اور بروکرز سے یہ سوال کیا گیا کہ نئے سال میں گھر خریدار اپنے نئے گھر میں کیا خوبیاں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ذیل میں اس سروے کی روشنی میں چند ضروری اپ گریڈیشن بیان کی گئی ہیں:

کچن اور باتھ روم کی اپ گریڈیشن

امریکا کی معروف ریئل اسٹیٹ کمپنی کے سی ای او کرسٹوفر پی کاماننا ہے کہ لوگ ہر دور میں اپنے نئے گھر میں معیاری اور خوبصورت کچن اور باتھ رومز چاہتے ہیں، یہ ایک ایسا رجحان ہے جو کبھی پرانا نہیں ہوسکتا۔ اس لیے اگر آپ اپنے گھر کی قدر و قیمت میں فوری اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو کچن یا باتھ روم یا دونوں کو اپ گریڈ کرنے پر غور کریں۔ کچن کی اپ گریڈیشن کرتے وقت معیاری مٹیریل پر خصوصی طور پر توجہ دیں کیوں کہ گھر میں کچن کا استعمال بہت زیادہ رہتا ہے اور زیادہ استعمال کے باعث کبڈ وغیرہ جلدی خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

اس سلسلے میں پرکشش ڈیزائن بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ’’گھر میں کچن کو دل کی حیثیت حاصل ہے اور 2022میں یہ فیچر اور بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

اسٹوریج

کسی بھی قسم کی اضافی اسٹوریج، چاہے وہ فارم ہاؤس شیڈ ہو، ماسٹر بیڈ روم میں خوبصورتی کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا واک اِن کلوسٹ ہو، یا اپارٹمنٹ میں بنائی گئی پینٹری، یہ تمام فیچرز آپ کی ریئل اسٹیٹ کی قدر و قیمت میں اضافہ کرتے ہیں۔ ماہرین اسے ایک ایسے اسمارٹ اپ گریڈ کے طور پر دیکھتے ہیں، جو ہر دور میں آپ کے گھر کی قدر بڑھائے رکھتا ہے۔ ’’2021نے ایک چیز جو ہمیں سیکھائی وہ یہ ہے کہ گھر میں ہمیں کپڑوں کی اسٹوریج سے بڑھ کر بھی جگہ چاہیے ہوتی ہے۔ ’’عالمی وَبا کے بعد ہمارا زیادہ وقت گھر پر گزرنے لگا ہے ایسے میں ہمیں گھر میں کئی چیزیں رکھنے کی ضرورت ہے، جیسے لیونگ سپلائیز، فوڈ شیلف، پیپر ٹاولز اور فرسٹ ایڈ کی کئی ادویات اور آلات وغیرہ۔

یہاں تک کہ نیویارک جیسا شہر، جسے ٹیک آؤٹ اور ہر گلی کے کونے پر گراسری اسٹورکی زمین کہا جاتا ہے، وہاں بھی اب لوگ اپنے اپارٹمنٹس میں اضافی اسٹوریج دیکھنا چاہتے ہیں۔ مکین اپنے چھوٹے سے چھوٹے اپارٹمنٹ کے کسی بھی اضافی کونے یا جگہ کو پینٹری میں بدلنا چاہتے ہیں، اور اس کے لیے انھیں وہاں صرف اضافی شیلف نصب کرنے ہوتے ہیں‘‘، ایسا کہنا ہے نیویارک شہر میں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک جیرارڈ اسپلینڈور کا۔ وہ کہتے ہیں کہ اضافی اسٹوریج کے رجحان میں اس لیے اضافہ ہوا ہے کہ لوگ اب پہلے کے مقابلے میں چیزیں زیادہ مقدر میں اکٹھی خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ بار بار باہر جانے کی ضرورت کم سے کم رہ جائے۔

ووئیل نیس اسپیس اور ہوم جِم

آئی جی ورکشاپ میامی کی پارٹنر ریناٹا ویسکونز کہتی ہیں کہ، ’’2022میں ماسٹر بیڈ رومز کے ساتھ اسپاء کی سہولت اور اعلیٰ معیار کے پرتعیش آلات سے لیس ہوم جِم، آپ کے گھر کی قدر میں ایک دم اضافہ کردے گا۔ گھر کے یہ وہ فیچرز ہیں جو اس کے مکینوں کو ذہنی سکون اور پرائیویسی فراہم کرتے ہیں۔

آؤٹ ڈور /اوپن اسپیس

بڑے شہروں میں جہاں زیادہ تر لوگوں کے پاس ان کی رہائشی جگہوں میں بیک یارڈ نہیں ہے، وہاں گھروں یا اپارٹمنٹس میں اوپن اسپیس کی اہمیت اب پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنر جینیفر ہنٹر کہتی ہیں کہ، ’’وَبائی مرض کے اس دور میں، میرا خیال ہے کہ، گھر مکینوں کے لیے یہ بات بہت اہمیت اختیار کرگئی ہے کہ وہ جس جگہ رہتے ہیں اس میں آؤٹ ڈور/اوپن اسپیس کی سہولت موجود ہو۔ چاہے اس کے لیے نیا صحن بنانا پڑے یا ٹیرس میں تبدیلی لاکر وہاں چائے کافی کے لیے میز اور کرسیاں رکھ دی جائیں۔ میرا خیال ہے یہ وہ فیچر ہے، جسے نئے سال میں گھر خریدنے والا ہر شخص اپنے نئے اپارٹمنٹ میں دیکھنا چاہے گا‘‘۔

لانڈری روم

ہر شخص کو روزانہ صاف ستھرے اور دُھلے ہوئے کپڑے چاہیے ہوتے ہیں، ایسے میں گھر میں اگر ایک مخصوص لانڈری روم بنادیا جائے تو یہ اس کی قدر و قیمت میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔ ایک سِنک، کپڑے ٹانگنے کے لیے ایک رسی، کپڑے فولڈ کرنے کے لیے ایک میز، اور فولڈنگ کے بعد مختلف کپڑوں کو مختلف خانوں میں رکھنے کے لیے ایک ملٹی شیلف اسٹوریج، یہ وہ فیچرز ہیں جو 2022 میں گھر خریدنے کے لیے مارکیٹ میں نکلنے والے کئی ممکنہ گھر خریدار اپنے نئے گھر میں دیکھنا چاہیں گے۔ ریئل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق، ہوم لانڈری روم کا رجحان ابھی نیا ہے اور آنے والے وقت میں اس میں مزید اضافہ ہوگا ۔