گھروں کے خوبصورت اور جدید دروازے

January 09, 2022

گھر کی تعمیر میں جہاں دیگر لوازمات کا خیال رکھا جاتا ہے، وہاں دروازوں کے سائز اور ڈیزائن کو بھی اتنی ہی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دورِ جدید میں گھر صرف چار دیواری کا ہی نام نہیں رہا بلکہ ہر شخص کوشش کرتا ہے کہ وہ اپنا گھر خوب سے خوب تر تعمیر کروائے۔ ایسے میں دروازوں کی خوبصورتی اور پائیداری پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

دروازہ چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، کسی بھی عمارت اور اس کی تعمیر کے اہم اور بنیادی لوازمات میں سے ایک ہوتا ہے۔ دروازے کےبے شمار فوائدہوتے ہیں اور اس کی اہمیت ہر اس انسان کو بخوبی پتہ ہوگی، جس کے گھر میں کسی بھی قسم کا کوئی قیمتی سامان موجود ہو۔ یہ کسی بھی جگہ، انسان یا سامان کو حفاظت فراہم کرتا ہے۔

اور اگر یہ اہم چیز خوبصورت بھی ہو تو اس کا فائدہ اور دلکشی دُگنی ہوجاتی ہے۔ دروازوں کا انتخاب فنِ تعمیرکی ترقی کے ساتھ، بذات خود فن کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ اپنے بجٹ کے اندررہتے ہوئے موزوں، پائیداراور خوبصورت دروازوں کا انتخاب ایک مشکل اوروقت طلب معاملہ ہوتا ہے۔ ذراسی غلطی آپ کے تعمیراتی منصوبے کو متاثر کرسکتی ہے۔

بیرونی دروازہ

کسی کے بھی گھر سے متعلق آپ کا پہلا تاثر اس گھر کے بیرونی مرکزی دروازہ کو دیکھ کر پیدا ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ پہلا تاثر آخری بھی ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سب کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ مرکزی دروازے سے ایک بہترین تاثر قائم ہو۔ اگر آپ کے گھر کا بیرونی حصہ شاندار ہو تو اس کا آپ کے گھر آنے والے مہمانوں پر خوشگوار اثر پڑتاہے۔ مرکزی دروازہ اس گھر میں رہنے والے لوگوں کے ذوق اور پسند کی نمائندگی بھی کرتا ہے۔

گھر کا بیرونی یا مرکزی دروازہ ایسا ہونا چاہیے، جس کو دیکھ کر گھر اور اس کے مکینوں کے بارے میں اچھی رائے قائم ہو سکے۔ مرکزی گیٹ کے لیے مضبوطی کے ساتھ ساتھ انفرادیت، جدت اور خوبصورتی بیک وقت ضروری ہوتی ہے۔ مرکزی دروازہ ایسا ہونا چاہیے کہ وہ تخلیقی فنکاری اورماہرانہ نفاست کی ترجمانی کرتا ہو۔ برقی اور خودکار مرکزی دروازے حفاظتی نقطہ نگاہ سے زیادہ محفوظ ہوتے ہیں، جن میں آپ کیمروں سمیت دیگر سمعی اوربصری آلات نصب کرسکتے ہیں۔

گھر کا داخلی دروازہ

گھر کے داخلی دروازے سے مُراد وہ دروازہ ہے، جو بیرونی دروازہ سے داخل ہونے کے بعد لان یا صحن سے گزر کر گھر کے اندر داخل ہونے کے لیےاستعمال ہوتا ہے۔ آج کے جدید داخلی دروازوں کی تعمیر میں نفاست، اختراعی مہارت اور جدت کا خوب استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ لکڑی سے بنے کسی خوب صورت داخلی دروازے پر گلکاری اور روشنی کا ذہانت مندانہ استعمال کرکے اسے چار چاند لگا سکتے ہیں۔

شیشےکے دروازے

اگرآپ محفوظ اورشائستہ ماحول میں رہنا پسند کرتے ہیں تو شیشے کے دروازے آپ کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں۔ شیشے کے دروازے مضبوط اور قابل بھروسہ ہوتے ہیں۔ ان کی صفائی آسان ہوتی ہے اور زنگ وغیرہ سے محفوظ رہتے ہیں۔ گھروں میں استعمال کے لیے شیشے کے رنگین دروازے بھی منتخب کیے جا سکتے ہیں۔ شیشے کے دروازے گھر میں عموماً ڈرائنگ روم کو لاؤنج سے علیحدہ کرنے کے لیے لگائے جاتے ہیں۔

اندرونی دروازے

کسی بھی گھر میں مرکزی اور استقبالی دروازہ ایک ہی ہوتا ہے، تاہم اندرونی دروازوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوتی ہے اور ان کا تعلق آپ کے گھر کی تزئین و آرائش کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔ اس لیےایک طرف جہاں مرکزی اور استقبالی دروازے میں مضبوطی کے عنصر کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، وہاں اندرونی دروازوں میں دلکشی کا عنصر فوقیت حاصل کرلیتا ہے۔

گھر میں اندرونی دروازوں کا استعمال باورچی خانے، باتھ روم، دیوان خانے، خواب گاہ، کھانے کے کمرے، سنگھار کمرے اور بچوں کے کمرے، گودام اور چھت میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر میں کوئی بھی ایسی جگہ جو گھر کے اندر ہو اور اسے بند کرنے کے لیے یا حفاظت فراہم کرنے کے لیے جو دروازہ لگایا جائے اسے اندرونی دروازہ کہتے ہیں۔

موزوں مواد کا انتخاب

لکڑی اور شیشے کے علاوہ اندرونی دروازے اسٹیل، المونیم اور لوہے وغیرہ کے بھی ہوسکتے ہیں لیکن خوب صورتی کی وجہ سے لکڑی کو زیادہ مقبول مواد مانا جاتا ہے۔ آپ اگر چاہیں تو جگہ کی مناسبت سے دیگر مواد کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ جیسے خوابگاہ میں المونیم کا دروازہ ایک اچھا انتخاب ہوگا، اسی طرح دیوان خانے میں شیشے کا دروازہ بہترین اور پُرکشش محسوس ہوگا۔ باتھ روم کی بات کی جائے تو لکڑی کا دروازہ انتہائی کارآمد ثابت ہوگا۔

رنگ کا انتخاب

گھر کی تزئین و آرائش اور مجموعی ڈیزائن میں اندرونی دروازوں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ اس لیے، اندرونی دروازوں کا رنگ ایسا ہونا چاہیے جو آپ کے گھر کی مجموعی کلر اسکیم اور ڈیزائن میں فٹ بیٹھتا ہو۔ رنگ کسی بھی انسان کے مزاج اور جگہ کے ماحول کو مُتاثر کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح کسی بھی اندرونی دروازے کا رنگ اس سے منسلک کمرے کے ماحول اور وضع کو ضرور متاثر کرے گا۔ اسی طرح، اگر گھر کی مجموعی سیٹنگ اجازت دے تو آپ اندرونی دروازوں پر ڈیزائن بھی بنواسکتے ہیں۔