کراچی: جماعتِ اسلامی کا دھرنا دسویں روز بھی جاری

January 09, 2022


سندھ میں متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر جماعتِ اسلامی کا احتجاجی دھرنا دسویں روز بھی جاری ہے۔

شدید سردی کے باوجود جماعت اسلامی کے کارکنان دن رات دھرنے میں موجود ہیں جو مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سندھ بلدیاتی قانون تبدیل نہیں کیا جاتا دھرنا جاری رہے گا۔

جماعتِ اسلامی کے ترجمان کے مطابق سندھ میں متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف آج کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔

جماعتِ اسلامی کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ آج احتجاجی دھرنے میں نائب امیرِجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ بھی شرکت کریں گے۔