موسم سرما میں کدو کے بیج صحت کیلئے فائدہ مند ہیں

January 10, 2022

کدو کے بیج کھانے سے تادیر بھوک کا احساس نہیں ہوتا

کدو کے بیج مجموعی صحت کے لیے انتہائی مفید قرار دیے جاتے ہیں جبکہ اِن کی تاثیر گرم ہونے کے سبب اِن کا موسم سرما میں استعمال کرنا مفید ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کدو کے بیج غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں جن کا بطور اسنیکس استعمال کرنا مجموعی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے، کدو کے بیج خواتین کی صحت کے لیے انتہائی ضروری اور مفید قرار دیئے جاتے ہیں، کدو کے بیجوں میں میگنیشیم، کوپر، پروٹین اور زِنک بھر پور مقدار میں پایا جاتا ہے۔

اس میں مزید فیٹی ایسڈ کی مقدار بھی پائی جاتی ہے جس کے سبب خون کی ترسیل رواں رکھنے والی شریانوں کی صحت بہتر اور کولیسٹرول لیول کم ہوتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق کدو کے بیجوں کے 100 گرام مقدار میں 446 کیلوریز، 19 گرام فیٹ، 3.7 گرام سیچوریٹڈ فیٹ، پایا جاتا ہے جبکہ اس میں 18 ملی گرام سوڈیم، 919 ملی گرام پوٹاشیم، 18 گرام ڈائٹری فائبر پاتا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں کدو کے بیجوں میں 19 گرام پروٹین، 5 فیصد کیلشیم، 18 فیصد آئرن اور 65 فیصد میگنیشیم پایا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائیت سے بھرپور یہ بیج انسانی مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں اور سردیوں کے دوران اِن کے استعمال سے ٹھنڈ لگنے سمیت انسان متعدد موسمی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتا ہے۔

کدو کے بیجوں کے استعمال سے صحت پر آنے والے دیگر فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

غذائی ماہرین کے مطابق کدو کے بیجوں میں’سیروٹونین‘ جز پایا جاتا ہے جو کہ پر سکون نیند کا باعث بنتا ہے، ماہرین کی جانب سےسیروٹونین کو قدرتی نیند کی دوا قرار دیا جاتا ہے۔

کدو کے بیجوں میں ’ ٹرائپٹوفن ‘ کی بھی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے جس سے امینو ایسڈ مل کر سیروٹونین کی افزائش بڑھاتا ہے۔

بے خوابی کی شکایت رکھنے والے بغیر کسی نقصان کے کدو کے بیجوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔

کدو کے بیجوں کو غذائیت کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے، ان میں ’کوکوربیٹاسین‘ اور امینو ایسڈ پائے جانے کے سبب بالوں کی افزائش بہتر طریقے سے ہو پاتی ہے، کدو کے بیجوں میں موجود وٹامن سی بھی بالوں کی افزائش میں کردار ادا کرتا ہے۔

اسی لیے ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہموسم سرما کے آغاز سے ہی کدو کے بیجوں کا استعمال شروع کر دینا چاہیے جس کے نتیجے میں خشک موسم کے سبب گرتے بالوں کو روکا جا سکتا ہے۔

اکثر اوقات سردیوں میں ہر انسان کا وزن 3 سے چار کلو بڑھ جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق کدو کے بیجوں کے استعمال سے انسانی صحت کے لیے ضروری اجزا کی کمی واقع نہیں ہوتی ہے، ان کے استعمال سے انسان خود کو تادیر سیر محسوس کرتا ہے اور بھوک کا احساس بھی نہیں ہوتا۔

کدو کے بیجوں کے استعمال کے نتیجے میں وزن قدرتی طور پر کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔