کچھ نہ کرکے بھی ڈھیروں پیسے کمانے والا جاپانی شخص

January 12, 2022

جاپان ایک محنت کش اور با اصول قوم مانی جاتی ہے جبکہ اس ملک کا ایک شہری ایسا بھی جو کچھ بھی کیے بغیر اچھے خاصے پیسے کما لیتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں 38 سالہ شوجی ماریموتو نامی شخص بچپن ہی سے کام چور ہونے کے سبب مشہور ہے، اس شخص کا دوسرا نام ’ڈو نتھنگ، یعنی کے کچھ نہ کرو‘ بھی ہے۔

شوجی ماریموتو نامی یہ شخص فارغ بیٹھنے اور صرف دوسروں کی باتیں سننے کے پیسے لیتا ہے اور یہ اس کا ذریعہ معاش بھی ہے۔

مثال کے طور پر جاپان میںجب کسی موسیقار کو اپنی دھنیں سنانے کے لیے کسی شخص کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ کال کر کے شوجی ماریموتو کو بلا لیتا ہے، شوجی موسیقار کے اسٹوڈیو کے ایک کونے میں بیٹھا اُس کی دھنیں سنتا رہتا ہے اور اس کام کا معاوضہ وصول کرتا ہے۔

شوجی ماریموتو کے بے شمار گاہک ہیں جو اُسے اپنے دل کی باتیں سنانے کے لیے اکثر اوقات ریستوران میں بلاتے رہتے ہیں، شوجی کے مستقل گاہکوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جو کہ شوجی کو ریستوران میں بلاتی ہے اور اُنہیں اپنے پاس خاموشی سے بیٹھے رہنے اور ساتھ چائے پینے کا معاضہ ادا کرتی ہے۔

شوجی ماریموتو کا میڈیا سے گفتگو کے دوران بتانا ہے کہ ’اُنہوں نے لوگوں کی باتیں سننے کی سروس ایسے ہی شروع کی تھی لیکن پھر اُنہیں احساس ہوا کہ بہت سے لوگوں کو ایسے انسان کی ضرورت ہے جو کہ بس اُن کی سُنے پر بولے نہ، یا پھر کچھ لوگ اس قدر اکیلے ہوتے ہیں کہ وہ کچھ دیر اپنی تنہائی دور کرنے کے لیے بس پاس بیٹھنے پر خوشی خوشی اُنہیں معاوضہ دینے کو تیار ہوجاتے ہیں۔‘

شوجی ماریموتو کا مزید کہنا ہے کہ ’اُنہیں بے شمار گاہک کسی بھی جگہ بلاتے ہیں اور وہ اپنے گاہک کے سامنے خاموشی سے بیٹھے رہتے ہیں، اُن کے گاہک اس دوران یا تو خاموش رہتے ہیں یا اُنہیں اپنی باتیں بتاتے ہیں، وہ کبھی بھی اپنے کسی بھی گاہک کی شناخت ظاہر نہیں کرتے ہیں۔‘