مکران، بارش وسیلاب متاثرین کی بڑے پیمانے پر امداد جاری،الخدمت فائونڈیشن

January 14, 2022

کوئٹہ(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد نے کہا ہے کہ مکران ڈویژن میں بارش و سیلاب متاثرین کی امداد بڑے پیمانے پر جاری ہے ، ہرنائی میں زلزلہ سے زیادہ متاثر ہونے والوں کیلئے مکانات کی تعمیر سمیت بلوچستان بھر میں یتیموں کی کفالت ، بیواؤں کی امداد ، تعلیم وصحت کے پراجیکٹ پر بھی کام جاری ہے کوئٹہ میں جدید ہسپتال تعمیر کے آخری مراحل میں ہے ،مختلف اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر پراجیکٹس پر بھی کام ہورہا ہے یہ سب کام مخیر حضرات کے تعاون سے جاری ہے ، صوبہ بھر میں اپنے پراجیکٹس کو وسعت دیکر مزید فعال اور پراجیکٹس میں اضافہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر سے واپسی پر صوبائی دفتر میں وفود سے ملاقات اور ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن نے بارش و سیلاب اور برفباری سے متاثرہ اضلاع میں پہلے دن سے ہی سروے و خدمت اور ریلیف کا کام شروع کردیا تھا جو اب تک جاری ہے بارش وسیلاب اور برفباری سے صوبے کے کئی اضلاع میں گھروں وفصلوں اوراملاک کوشدید نقصان پہنچاہے،مخیر حضرات متاثرین کی مشکلات وپریشانیوں کو کم کرنے کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں ہم دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر متاثرین کی خدمت یقینی بنا رہےہیں۔