تنخواہوں کی عدم ادائیگی و غیرمستقلی ،این سی ایچ ڈی اور بیکس اساتذہ مشکلا ت کاشکار

January 14, 2022

کوئٹہ(پ ر)این سی ایچ ڈی اور بیکس اساتذہ مستقل نہ کیے جانے اور کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں ، اساتذہ کو درپیش مسائل حل نہ کیے گئے تو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ، یہ بات این سی ایچ ڈی اور بیکس اساتذہ کے مرکزی صدر شاہین خان کاکڑ نے کہی ہے ، انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی اور بیکس اساتذہ جو 22 سالوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور نہایت غریب بچوں کو تعلیم کی زیور سے آراستہ کرتے آرہے ہیں لیکن انہیں اب تک مستقل نہیں کیا جارہا ہے جو انتہائی افسوس کا مقام ہے ، انہوں نے کہا کہ سی سی آئی کے فیصلے کے مطابق یکم جولائی کو یہ اساتذہ صوبوں میں ضم ہوگئے ، سندھ حکومت نے سی سی آئی کے فیصلے کے تحت ان تمام اساتذہ کو محکمہ تعلیم میں ضم کرکے ریگولر کردیا ، لیکن بلوچستان میں اب تک اس سلسلے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ، انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، وزیر تعلیم ،یر نصیب اللہ مری سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ این سی ایچ ڈی اور بیکس کے اساتذہ کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے اور سات ماہ کی تنخواہیں جاری کرکے اساتذہ کو مالی مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔