حکمران جماعت مفاد پرستوں کا ٹولہ بن گئی ہے، سید حیدر علی شاہ باچا

January 14, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے بانی رہنما اور سابق صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید حیدر علی شاہ باچا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف عوامی جماعت نہیں رہی بلکہ اسے سیاسی بھگوڑوں مفاد پرستوں اور لٹیروں نے ہائی جیک کر لیا ہے جس سے تحریک انصاف کے کارکنوں اور نوجوانوں میں بددلی پھیل چکی ہے اور اسی وجہ سے خیبر پختونخوا میں سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال اور وفاقی و صوبائی کی کھلم کھلا مداخلت کے باوجود حکمران جماعت کو بلدیاتی انتخابات میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سید حیدر علی شاہ باچا نے گلشن سادات اکبر پورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے پارٹی کی تنظیمیں توڑنے کے بعد پارٹی پر سیاسی بھگوڑوں کو مسلط کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کو جب تک سیاسی بھگوڑوں مفاد پرستوں اور لٹیروں کے چنگل سے آ زاد نہیں کروایا جاتا اسی وقت تحریک انصاف عوامی جماعت نہیں سکتی سید حیدر علی شاہ باچا نے کہا کہ وزرا کو پارٹی کا تابع بنانے کی بجائے پارٹی کو وزرا کا تابع بنا دیا گیا ہے۔ جس سے مزید خرابیاں بڑھیں گی۔ پی ٹی آئی کے بانی کارکنوں اور نوجوانوں کو نظر انداز کرنے اور مفاد پرستوں کو پارٹی پر مسلط کرنے سے تحریک انصاف مفاد پرستوں کا ٹولہ بن گئی ہے۔