بنوں سے پولیو کا خاتمہ کرکے دم لیں گے،زبیر خان نیازی

January 15, 2022

پشاور(جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی نے کہا ہے کہ ویکسینیشن بطور چیلنج لیتے ہوئے بنوں سے پولیو کا خاتمہ کرکے دم لینگے۔ انہوں نے کہا کہ جہد مسلسل سے پولیو مرض پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔جسے برقرار رکھنے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بنوں بھر کے پرائیوٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، فروغ تعلیم کے معاون تنظیموں اور پرائیوٹ سکولزو کالجز کے پرنسپل صاحبان اور محکمہ صحت کے اہلکاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔اس دوران ڈپٹی کمشنر بنوں نے ضلع بنوں میں جاری خسرہ و روبیلا، کرونا ویکسینیشن اور 17 جنوری سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے بارے میں تفصیلی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ڈپٹی کمشنر کو اس ضمن میں پیش آنے والے مسائل سے متعلق آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں اس موقع پر پرنسپلز و شرکاء سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے علاؤہ آئندہ نسلوں کو ہر قسم کی بیماریوں سے بچائے رکھنا ایک مشترکہ فریضہ ہے۔ شرکاء نے نئی نسل کو خسرہ، روبیلا، کرونا اور پولیو سمیت دیگر جان لیوا بیماریوں سے بچانے کی ویکسینیشن کے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔