لکڑی سے بنی اشیا گھر میں دلکشی کا باعث

January 16, 2022

لکڑی دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے قدرتی تعمیراتی مواد میں سے ایک ہے۔ تاریخی عمارتوں کی تعمیر میں بھی لکڑی کا استعمال عام نظر آتا ہے۔ دلکش کام سے مزین لکڑی کی کھڑکیاں اور دروازے کاریگروں کی مہارت کا پتہ دیتی ہیں۔ بہت سے قیمتی خواص جیسے کم حرارت کی موصلیت، نسبتاً زیادہ طاقت، میکینکل کام کرنے کی سہولت وغیرہ لکڑی کو مشہور عمارتی مواد بناتے ہیں۔

لکڑی کو انتہائی کفایتی طریقے سے استعمال میںلائی جاسکتی ہے، یہاں تک کہ لکڑی کی کٹائی کے دوران حاصل ہونے والے بُرادے کو بھی فائبر بورڈ اور کاغذ وغیرہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دورِ جدید میں لکڑی کو پائیدار اور ماحول دوست مواد کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

تعمیرات میںلکڑی نہ صرف خوبصورتی میںاضافے کا باعث ہوتی ہے بلکہ یہ دیگر تعمیراتی مواد کے مقابلے میں قدرے سستی بھی ہے۔ اس کے علاوہ تزئین و آرائش کے لیےبھی لکڑی کا استعمال آپ کےگھر کو منفرد بناسکتا ہے کیونکہ اس سے بنی اشیا میں ایک خاص قسم کی نفاست اور دلکشی پائی جاتی ہے۔ لکڑی کو پالش کر کے اپنی پسند کے رنگ میں بھی ڈھالا جا سکتاہے۔ گھر کے مختلف حصوں میں لکڑی کے استعمال پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

چھت

لکڑی کی چھتیں قدیم دور سے تعمیر کی جارہی ہیں، جو ایک دلچسپ طرز سجاوٹ فراہم کرتی ہیں۔ یہ چھتوں کی آرائش وزیبائش میں عام استعمال کی جاتی ہیں، ساتھ ہی کمرے کو منفرد صوتی خصوصیات بھی فراہم کرتی ہے۔ لکڑی کی چھتوں سے ناصرف گھرکو خوبصورتی عطا ہوتی ہے بلکہ دیہی انداز بھی ملتاہے۔ لکڑی سے مختلف انداز میں کمروں کی چھتیں تیار کی جاتی ہیں، جن پر روشنیوں کا استعمال دلکش تاثر دیتا ہے۔ پورے گھر میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تمام کمروں کی چھت کے لیے یکساں لکڑی اور ڈیزائن منتخب کیا جاسکتا ہے۔

فرش

فرش کی تیاری مختلف قسم کے مٹیریل سے کی جاسکتی ہے، تاہم لکڑی کے استعمال سے فرش کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے۔ لکڑی کا فرش ہوا کو اچھی طرح گزرنے دیتا، حرارت برقرار رکھتا ہے اور اعصابی نظام پر پُرسکون اثر ڈالتا ہے۔ لکڑی سے بنے فرش میں ایک خاص قسم کی نفاست اور دلکشی ہوتی ہے۔ یہ بہت فینسی اور عمدہ لُک دیتے ہیں اور آجکل ٹرینڈزمیں بہت نمایاں ہیں۔

دروازے

گھر کےدروازوں کے لیے عموماً لکڑی کا ہی انتخاب کیا جاتا ہے۔ دورِ جدید میں لکڑی کے بہت سے فینسی دروازے مارکیٹ میں متعارف کروائے جاچکے ہیں، جن میں سے اپنی پسند کے مطابق انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ یہ دروازے گھر میں استعمال ہونے والےلکڑی کےدوسرے فرنیچر سے مطابقت رکھتے ہوئے بھی ہوسکتے ہیں۔ لکڑی کے دروازے بنانے کے لیےعام طور پر چیڑ، دیار، شیشم، کیکر اور صنوبر کی لکڑی استعمال کی جاتی ہے۔ لکڑی کے درواز نسبتاً سستے ہوتے ہیں اور ان کی صفائی بھی آسان ہوتی ہے۔

کھڑکیاں

لکڑی کی کھڑکیوں کو پالش اور بہترین کاریگری کے ذریعے خوبصورت اور منفرد بنایا جاتاہے۔ لکڑی پر خوبصورت ڈیزائن کشیدہ کرنے میں آسانی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ اپنی مضبوطی سے لوگوں کو قائل کرلیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس سے بنی کھڑکیاں طویل عرصے تک پائیداری فراہم کرتی ہیں۔ بجٹ کے پیشِ نظر بھی دیکھا جائے تولکڑی کی کھڑکیاں نسبتاً زیادہ سستی پڑتی ہیں۔ ان کی صفائی بے حد آسان ہوتی ہے۔

باورچی خانہ

کائونٹر کے لیے خوبصورت لکڑی کے استعمال سےکھانا پکانے کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ بھوری یا سفید لکڑی کے ساتھ کنٹراسٹ میں چمکدار سیاہ کاؤنٹر بنوایا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی خاکستری اور سفید رنگ کے ٹائلز لکڑی کی خوبصورتی کو دوبالا کرسکتے ہیں۔ لکڑی کے کیبنٹس اور دروازےکے ڈیزائن کو کچن کاؤنٹر کے مطابق منتخب کیا جائے تو مجموعی تاثر بہتر ہوجاتا ہے۔

کیبنٹس

کچن اور ڈریسنگ روم کی مرکزی دیوار کو لکڑی کی کیبنٹس کے لیے مختص کیا جاسکتا ہے۔ خوبصورت ڈیزائن اور رنگوں کے امتزاج سے لکڑی کی کیبنٹس کو متاثر کن بنایا جاسکتا ہے۔ عام طور پر کمروں میں بنے کیبنٹس میں یادگار تصاویر ، گلدان، روایتی آرائشی اشیا وغیرہ رکھی جاتی ہیں جبکہ کچن کیبنٹس کی اوپری سطح آرائشی اشیا کو نمایاں کرنے کے لیے بہترین سمجھی جاتی ہے۔

جدید اسٹوریج

کمرےکی ایک پوری دیوار میںلکڑی کی بلٹ اِن الماری بنوائی جاسکتی ہےیاپہلے سے تعمیر شدہ دیوار میںلکڑی کی الماری لگوائی جاسکتی ہے۔ زیادہ گنجائش کپڑوں کے علاوہ دیگر ضروری اشیا رکھنے کی سہولت فراہم کرے گی۔ گہرے رنگ کی لکڑی، سادہ ہینڈل اور وسیع شیشے کی حامل المار ی بیڈروم کو رونق بخش سکتی ہے۔ اس کے علاوہ لکڑی سے بنا ہوا بستر، سائیڈ ٹیبل اور فرش کمرے کو اچھی لُک فراہم کرسکتا ہے۔ لکڑی کا خوبصورت ڈِوائیڈر یا اسٹینڈ بنواکر اس پر ٹی وی بھی رکھا جاسکتا ہے۔

سیڑھی

عام طور پر ہمارے گھروں میں سیمنٹ یا کنکریٹ کی بنی سیڑھیاں استعمال کی جاتی ہیں لیکن لکڑی مضبوط اور دلکش ہونے کے علاوہ کم قیمت بھی ہوتی ہے۔ لکڑی کے تختوں کو سیڑھی کے سلیب اورلکڑی کے بنے ہوئے جنگلے کو سیڑھی کی ریلنگ کے لیے استعمال کریں۔لکڑی کی سیڑھیاںدیکھنے میںاچھی اوراستعمال میںبہتر ہوتی ہیں، جن کو کسی بھی سائز اور شکل میں نصب کیا جاسکتاہے۔ کمرے کی چھت اگر اونچی ہو تو میزنائن کی شکل دینے کے لیے لکڑی سے بنا آفس نما کمرہ ایک عمدہ فیصلہ ہو سکتاہے۔

آرائشی پینل

پورشن اسٹائل کے ذریعے کسی بھی جگہ کا حسن بڑھایا جاسکتا ہے، جگہ کو علیحدہ کرنے کے لیے پینل کا استعمال لازمی ہے۔ آپ اپنے بڑے کمروں میںپارٹیشن کرنے کے لیے گہرے رنگ کےلکڑی کے آرائشی پینلز کا استعمال کریں۔ ان پینلز کی اہم خاصیت یہ ہے کہ یہ زیادہ جگہ نہیں گھیرتے جبکہ ان کو بآسانی ہٹایا اور لگایا جاسکتا ہے۔ ان پینل پر باریک اور ہلکے رنگوں سے نقش ونگاری کی جائےتو یہ آپ کے کمرے کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔

بالکونی

گھر کے بیرونی حصےکے لیے بھی لکڑی کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ خوبصورت لکڑی گھر کی بوسیدہ اور خستہ حالی کو اپنی خوبصورتی میں چھپا سکتی ہے۔ بالکونی کے سامنے یا بالکونی کی حفاظتی دیوار کے لئے لکڑی سے بنے مختلف ڈیزائن کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ یہ بالکونی کو منفرد اور نہایت دلکش بنائے گی۔