شمالی کوریا نے میزائل کا ایک او ر تجربہ کرلیا

January 16, 2022

سیئول ( نیوز ڈیسک) شمالی کوریا نے امریکی پابندیوں کو نظر انداز کرکے میزائل کا ایک او ر تجربہ کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعہ کے روز کیے گئے تجربے سے پیانگ یانگ نے اپنے بیان میں نئی امریکی پابندیوں کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کی دھمکی دی تھی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی کوریا اور جاپان کو پے درپے میزائل تجربات پر پر سخت تشویش لاحق ہوگئی ہے اور انہوں نے واقعات کو خطے کے امن اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے کہا کہ شمالی کوریا نے 2مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شمالی کوریا کے مغربی ساحل پر چین کی سرحد کے قریب شمالی پیانگن صوبے سے مشرق کی طرف داغے ہیں۔ جاپان کے ساحلی محافظوں نے بھی اطلاع دی کہ شمالی کوریا نے ایک تجربہ کیا ہے،جو ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل ہو سکتا ہے۔ جاپانی وزارت دفاع کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ بظاہر میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون کے باہر سمندر میں گرے ہیں۔ جاپانی کابینہ کے رکن ہیروکازو ماتسونو نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کے اقدامات اوربار بار بیلسٹک میزائل تجربات ہماری قوم اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ادھر امریکی فوج کی انڈو پیسیفک کمانڈ نے بیان میں کہا کہ تجربات سے امریکا یا اس کے اتحادیوں کو کوئی فوری خطرہ نہیں ہے۔