یونان کا کم ازکم اجرت میں دوسری بار اضافہ کرنے کا فیصلہ

January 16, 2022

ایتھنز(مرزارفاقت حسین) یونان اس سال میں دوسری بار کم از کم اجرت میں اضافہ کرے گا، وزیر اعظم کیریاکوس میچوتاکیس نے گزشتہ روزایک انٹرویو میں کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی صارفین کی آمدنی کو متاثر کررہی ہے۔ حکومت نے اس مہینے سے ماہانہ مجموعی کم از کم اجرت میں تقریباً 2 فیصد اضافہ کیا ہے جو کہ 663 یورو ہے۔ میچوتاکیس نےٹیلی ویژن کو بتایا کہ یکم مئی سے دوسرا اضافہ لاگو کیا جائے گا۔ وزیر اعظم میچوتاکیس نے کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ کم از کم اجرت میں اضافہ ایک اہم قدم ہوگا، یہ 2فیصد اضافے سے بہت زیادہ ہوگا۔یونان کی شماریاتی سروس ELSTAT کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ عالمی توانائی کی قیمت میں اضافہ افراط زر کا بنیادی محرک ہے جو دسمبر میں 5.1 فیصد تک بڑھ گیا، جو کہ 11 سالوں میں اس کی بلند ترین سطح ہے۔ حکومت نے ستمبر کے بعد سے بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے بلوں والے گھرانوں اور کاروباروں کی مدد کے لیے سبسڈی میں تقریباً 1.35 بلین یورو ($1.55 بلین) خرچ کیے ہیں۔ پچھلے ہفتے، اس نے تقریباً 400 ملین یورو کی اضافی لاگت سے مالی امداد کو جنوری تک بڑھا دیا ہے۔