کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں، خواجہ کلیم الرحمٰن

January 16, 2022

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) پاکستان پیپلز پارٹی یوکے، کے سینئر نائب صدر خواجہ کلیم الرحمٰن نے روزنامہ جنگ لندن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی عوام بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ مودی حکومت منصوبہ بندی سے مقبوضہ کشمیر میں ہندو آباد کاری کر رہی ہے۔انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کا نوٹس لیں۔ بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانا، قتل و غارت، چادر اور چار دیواری کی دھجیاں اُڑانا، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں معمول بنتا جا رہا ہے۔ 26جنوری یوم جمہوریہ نہیں یوم سیاہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ کلیم الرحمٰن نے کہا بھارت کے یوم جمہوریہ پر کشمیری دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں اوربھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کی سامنے بے نقاب کریں۔ کلیم الرحمٰن نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہا ہے اور حریت قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا مودی حکومت منصوبہ بندی سے کشمیر میں ہندوؤں کی آباد کاری کر رہی ہے۔ انتہا پسند ہندوؤں اور آر ایس ایس کے غنڈوں کو بسایا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اورکشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہ حق سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں نے کشمیریوں کو دیا ۔ بین الاقوامی برادری کا فرض ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت دلوائے۔