صحت کارڈ سے سرکاری ہسپتالوں کو تباہ کر دیا گیا،فضل اللہ داؤدزئی

January 16, 2022

پشاور ( نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدرفضل اللہ داؤدزئی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی اگر دیکھی جائے تو صحت کارڈ،احساس پروگرام اور لنگر خانوں کے گرد گھومتی ہے صحت کارڈ سے سرکاری ہسپتالوں کو تباہ اور نجی شعبے میں عوام کے اربوں جھونک دئیے گئے صحت کارڈ میں او پی ڈی اور عام بیماریوں کی کوریج نہیں احساس پروگرام دراصل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کاتسلسل ہے اور لنگر خانے چند سو لوگوں کو کھلانا مسئلے کا حل نہیں ہے۔پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ مہنگائی نے لاکھوں لوگوں کو فاقوں پر مجبور کر دیا ہے آئی ایم ایف سے کئی گنا زیادہ قرضے لیکر اسٹیٹ بینک انکے حوالے کر دیا اور بجلی اور پٹرول کی قیمتی روزانہ کے حساب سے بڑھائی جارہی ہے۔ پشاور بی آر ٹی پر اربوں خرچ کر کے اربوں کرپشن کی گئی اور اربوں کے املاک تباہ اور لوگوں کو ایک مصیبت میں ڈالا گیا اتنی بڑی کاسٹ میں یہ ناکام ترین منصوبے کا دنیا میں ایک ریکارڈ ہوگا جس سے نالائقی ہر طرف ٹپک رہی ہے۔یکساں نظام تعلیم جس پر اربوں کا قومی نقصان کیا ایک ڈھکوسلہ نکلا ہے۔