ریکوڈک پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جاسکتی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی

January 16, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہا ہے کہ ریکوڈک سے بلوچستان اور ملک کی آئندہ نسلوں کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے، حکومت نے ان کیمرہ اجلاس طلب کرکے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے سامنے صورتحال واضح کرکے فیصلے کا اختیار انہیں دیا ، ریکوڈک پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جاسکتی ہے تاہم اب تک مجوزہ معاہدہ ابتدائی مرحلے میں ہے ، ایک دوسرے کے سیاسی نقطہ نظر و منشور سے اختلاف رکھنا تمام سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے تاہم بلوچستان کے مفادات کے برعکس صوبے کے لوگوں پر اپنی سیاسی رائے مسلط کرنا کسی صورت جمہوری عمل نہیں اور نہ ہی صوبے کے مفاد میں ہے ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر و دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں ریکوڈک سے متعلق بلوچستان اسمبلی کے ان کیمرہ اجلاس پر اپنی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کررہی ہیں ،اس سے متعلق وضاحت ضروری ہے کہ ریکوڈک سے متعلق صوبائی حکومت نے ان کیمرہ اجلاس طلب کرکے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے سامنے صورتحال واضح کرکے فیصلے کا اختیار انہیں دیا حالانکہ ماضی کی حکومتوں میں بلوچستان کے لوگوں اور اسٹیک ہولڈرز پر فیصلے مسلط کئے جاتے رہے ہیں ، ان کیمرہ اجلاس میں اپوزیشن اور حکومت سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کے ارکان شریک ہوئے ان سے رائے طلب کی گئی اور ان سے کسی بھی امر کو پوشیدہ نہیں رکھا گیا ،انہوں نے کہا کہ بلوچسان اور پاکستان کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ موجودہ حکومت بلوچستان اور پاکستان کے مفادات کے برعکس کوئی فیصلہ کریگی نہ کسی کو کرنے دے گی جو بھی فیصلہ ہوگا اس میں بلوچستان کے اجتماعی قومی مفادات کو سامنے رکھ کر تمام اسٹیک ہولڈز کی مشاورت کو شامل کیا جائے گا ،ایک سوال پر چوہدری شبیر نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں پوری پارٹی قائم مقام صدر میر ظہور احمد بلیدی کی قیادت میں متحد ہے ، ظہور بلیدی بہتر انداز میں پارٹی کے معاملات کو آگئے بڑھا رہے ہیں ، آئندہ چند روز میں انٹرا پارٹی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کردیا جائیگا۔