اپوزیشن کراچی میں لسانی فسادات چاہتی ہے، پی پی

January 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے جو اس وقت وفاقی حکومت کا حصہ ہیں، وہ اپنی نالائق حکومت کے عوام دشمن اقدامات کو چھپانے اور عوام کو گمراہ کرنے کے لئے سندھ میں بلدیاتی نظام کو جواز بنا کر احتجاج کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ محکمہ داخلہ کا چارج وزیراعلی کے پاس ہے، ضروری نہیں کہ محکمہ داخلہ کی ہر چیز وزیراعلی کے علم میں ہو۔ قیدیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا ایک طریقہ کار ہے، اگر کسی قیدی کو فیور دی گئی ہوگی تو اس کی مکمل انکوائیری کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ تشویش ناک ہے، اچھے پولیس افسران کراچی میں تعنیات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی معاشی صورتحال خراب ہوئی ہے اور بیروزگاری بڑھتی جارہی ہے، یہ بھی اس کا ایک سبب ہوسکتا ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے ان پر کی جانے والی تنقید کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں کراچی کا حقیقی باشندہ ہوں، کہیں سے ہجرت کرکے نہیں آیا۔ میرا نام سعید غنی خاصخیلی ہے اس پر مجھے فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دو بار کراچی میں مئیر اور سٹی ناظم فوجی آمرو کے کاندھوں پر آئی ہے، یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ یہ تاریخ کا حصہ ہے۔عوامی مسائل بالخصوصی مہنگائی، بیروزگاری، گیس کے بحران، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے، ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سمیت دیگر عوامی اشیوز کو پش پشت ڈال کر یہ کراچی میں لسانی فسادات کروانا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے مہنگائی اور موجودہ حکومت کی نااہلی کے باعث اس ملک کے 22 کروڑ عوام کو درپیش مسائل پر 3 بار ملک گیر احتجاج کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔