توہین عدالت کیس، فرد جرم کے لئے رانا شمیم اور صحافی جمعرات کو طلب

January 16, 2022

اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج رانا شمیم صحافیوں کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے 20جنوری کو طلب کرلیا۔ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم بیان حلفی پر توہین عدالت کیس کے حوالے سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے، جس میں سابق چیف جج رانا شمیم، جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن ،ایڈیٹر دی نیوز عامر غوری اور ایڈیٹر انوسٹی گیشن انصار عباسی کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے 20جنوری کو طلب کرلیا گیا ہے۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے توہین کے ملزمان کو کافی وقت دے لیا، ملزمان کا یہی موقف رہا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا، رپورٹر ، ایڈیٹر اور چیف ایڈیٹر کا موقف اہم ہے، یہ موقف ماننا زیر التوا کیسز سے متعلق کچھ بھی چھاپنے کا لائسنس دینے جیسا ہوگا۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ لگتا ہے رپورٹر، ایڈیٹر اور چیف ایڈیٹر زیر التوا کیسز کے رولز سے ناواقف ہیں، توہین عدالت کیس کے دوران بھی کیس پر تنظیموں کے موقف چھاپے جا رہے ہیں، رپورٹر نے کہا بیان حلفی کا درست یا غلط ہونے کا جاننا اسکی ذمہ داری نہیں تھی، پروفیشنل صحافی زیر التوا کیس سے متعلق ذمہ داری سے واقف نہیں نظر آئے۔