ناظم آباد نمبر 4 میں اسٹریٹ کرائمز عروج پر، مکینوں میں خوف وہراس

January 16, 2022

کراچی ( اعظم علی / نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 4میں اسٹریٹ کرائمز عروج پر پہنچ گئے، گھر کے دروازوں ، گلیوں میں رہزنی کی بڑھتی وارداتوں سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے کیونکہ مسلح ملزمان آسانی سے گلیوں میں گھس کر واردات کرنے کے بعد بآسانی فرار ہوجاتے ہیں ۔ پولیس کے سیکورٹی کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ناظم آباد نمبر 4اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہواہے جس کی وجہ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا اور خوف کا شکار ہیں، مکینوں نے بتایا ہے کہ کئی مرتبہ ناظم آباد پولیس کو اس بارے میں آگاہ کیا ہے اور پولیس نے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں وعدے بھی کئے ہیں مگر صورتحال جوں کی توں ہے، ناظم آباد نمبر 4کے دکانداروں نے بتایا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کی وارداتوں کی وجہ سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سخت اقدامات کریں تاکہ علاقے میں وارداتوں پر قابو پایا جاسکے۔ اس سلسلے میں کراچی پولیس چیف کے ترجمان سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ کراچی پولیس سربراہ نے متعلقہ حکا م کو سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔