کراچی بھر کی سڑکیں تباہ، کئی فٹ گہرے گڑھے، دھول مٹی سے بیماریاں

January 17, 2022

کراچی (طاہر عزیز/اسٹاف رپورٹر) کراچی میں دو ہفتے قبل بارش سے تباہ ہونے والی سڑکوں کی مرمت کا آغازنہ ہوسکا نہ کےایم سی یا ڈی ایم سیز کی طرف سے کوئی پلان سامنے آیا پورے شہر کی مین سڑکوں اور آبادیوں کی اندرونی سڑکوں پر بارش کے باعث یا اس سے قبل پڑھنےوالے گڑھے کئی مقامات پر اب کئی کئی فٹ گہرے ہو گئے ہیں جہاں سے گاڑیوں کا گزرنا ناممکن ہو گیا ہے ان کی وجہ سے ہر وقت دھول مٹی بھی اڑتی رہتی ہے جو شہریوں کے لئے بیماریوں کا سبب بن رہی ہے شہریوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے محکمہ بلدیات اور اس کے ماتحت اداروں کی ناقص کارکردگی قرار دیا ہےشہر کی تقریباً ہر مین سڑک پر گڑھے نظر آتے ہیں آبادیوں کو ملانے والی اور اندرونی گلیوں کی سڑکیں مکمل ٹوٹ چکی ہیں کورنگی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی ٹاون، لانڈھی، قائدآباد، ملیر، سعودآباد، ماڈل کالونی، اورنگی ٹاون، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، منظور کالونی، نرسری، الفلاح سوسائٹی، گلستان جوہر، شیر شاہ، بلدیہ ٹاون سمیت دیگر بے شمار علاقوں کا انفرا اسٹرکچر مکمل تباہ ہے مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر مرمت کے کاموں میں تاخیر ہے تو کم از کم زیادہ بیٹھ جانے اور گڑھوں والی سڑکوں میں پتھر اور ریتی بجری کی بھرائی کر دی جائے تاکہ وہ موٹر ایبل ہو سکیں شہریوں نے شکوہ کیا کہ اس جانب وزیر بلدیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،ایڈمنسٹریٹر کےایم سی ، ڈی ایم سیز اور دیگر متعلقہ اداروں نے کوئی توجہ نہیں دی ہی ہے جس کے باعث صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے اور لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا ر ہا ہے انہوں نے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔