حادثات و واقعات میں 8 افراد جاں بحق، آئل ٹینکر سے لاش ملی

January 17, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا،تفصیلات کے مطابق شارع فیصل کارساز کے قریب تیز رفتاری کے باعث تین گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئیں، حادثے میں 23 سالہ ارتضیٰ ، 22 سالہ رافع جاں بحق ایک شخص زخمی ہوگیا ، پولیس کے مطابق حادثے میں گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور کچھ دیر تک ٹریفک کی روانی بھی معطل رہی، لانڈھی نمبر 6بسم اللہ مسجد کے قریب مین روڈ پر ٹریفک حادثے میں 50سالہ عبدالکریم جاں بحق ہوگیا، کورنگی مہران ٹائون سیکٹر ڈی 6میں ٹریفک حادثے میں 7سالہ بچہ احیان تیز رفتار ڈمپر نے کچل دیا جس سے وہ بحق ہوگیا ،پولیس کے مطابق متوفی گھر کے باہر کھیل رہا تھا ، ذمہ دار ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ ڈمپر کو پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے ،سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں ٹریفک حادثے میں 46سالہ اشفاق حسین جاں بحق ہوگیا، ملیر ہالٹ کے قریب ٹرین کی زد میں آ کر 6 8سالہ شمس الدین جاں بحق ہوگیا ،علاوہ ازیں نیشنل ہائی وے قائد اعظم پارک کے سامنے آئل ٹینکر سے 50 سالہ رمضان کی لاش ملی،پولیس کے مطابق متوفی آئل ٹینکر کا ڈرائیور ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی تھا ، دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی ہے، نارتھ ناظم آباد سخی حسن قبرستان کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 30 سے 35 برس نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے، لاش سردخانے منتقل کردی، نارتھ کراچی سیکٹر اے فور میں گھر کے اندر سر پر بھاری چیز گرنے سے تین سالہ بچی رحیمہ جاں بحق ہوگئی ۔