اسلام آباد رہائش کے لئے اولین، لاہور دوسری ترجیح

January 17, 2022

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستانی شہریوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہائش کو اولین ،لاہور کو دوسری ترجیح قرار دے دیا ۔

وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ ملک بھر میں جاری وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی کم لاگت ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت رجسٹریشن کے لیے 2,003,940 شہریوں نے درخواست دی جن میں سے تقریباً 261,654 درخواست دہندگان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہائشی یونٹ کے حصول کو اولین ترجیح قرار دیا ہے جبکہ 227,802 شہریوں نے لاہور شہرمیں رہائشی یونٹ کے حصول کو اپنی دوسری ترجیح قرار دیاہے ۔

اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور شہر میں 227,802 درخواست دہندگان نے رہائشی یونٹ کے حصول کی ترجیح کا اظہار کیاہے۔

اعدادو شمار کے مطابق 125,182 شہریوں نے فیصل آباد، 83,041 نے کراچی، 79,150 ملتان، 70,932 نے کوئٹہ، 53,532 کا انتخاب کیا اور 49,424 شہریوں نے پشاور میں رہائشی یونٹ کے حصول کی خواہش ظاہر کی ۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے رجسٹر کیا تھا اور اتھارٹی کی جانب سے فی درخواست 250 روپے وصول کیے گئے تھے۔