صحافیوں کے حالات کا بخوبی ادراک ہے، قرض حسنہ دینگے، فواد چوہدری

January 17, 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں صحافیوں کے حالات کا بخوبی ادراک ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لاہور پریس کلب میں آئی ٹی ڈیجیٹل لیب بناکردی جائے گی،کلب کے ممبران کو پانچ لاکھ روپے تک قرض حسنہ دیا جائے گا ۔ وہ لاہور پریس کلب کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ کلب آمد پر لاہور پریس کلب کے نومنتخب صدر اعظم چوہدری ، سیکرٹری عبدالمجید ساجداور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے لاہور پریس کلب کے ممبران کے لئے قومی صحت کارڈز کے اجراءکاافتتاح کیا اور سینئرصحافیوںکو صحت کارڈز تقسیم کئے۔ صدر پریس کلب محمداعظم چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیرفواد چوہدری صحافی دوست ہیں، وہ پریس کلب کے اعزازی ممبر ہیں ، ان کی کلب کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سیکرٹری عبد المجید ساجد نے کہا کہ فواد چوہدری سے بہتر صحافیوں کے حالات و مسائل کو ئی نہیں جانتا، ان سے ہمیں بہتری کی توقعات ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا پریس کلب کے نومنتخب صدر اعظم چوہدری میرے بہت پیارے دوست ہیں ، انہیں جیت پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ ہمیں صحافیوں کے حالات کا بخوبی ادراک ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جارہے ہیں ، اسی سلسلے میں آج انہیں صحت کارڈز جاری کئے جارہے ہیں تاکہ وہ حکومتی اقدامات سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔ لاہور میں صحافی کالونی کے فیز ٹو کے لئے جگہ کے تعین اور گھروں کی تعمیر کے لئے قرضوں کی خبر جلد سنائی جائے گی۔ انہوں نے کلب کے مالی حالات کو مستحکم کرنے کے لئے ہرممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انھوں نےکہاکہ لاہورپریس کلب کے ممبران کو پانچ لاکھ روپے تک قرض حسنہ دیا جائے گا ، ممبر سے کسی قسم کی گارنٹی طلب نہیں کی جا ئے گی۔