پی ٹی سی ایل اور ایس سی او کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط

January 17, 2022

پشاور (جنگ نیوز ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کر دیئے جس کے تحت پاکستان بھر بالخصوص آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی کام خدمات میں اضافے کے لئے شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں گے۔ تقریب میں پی ٹی سی ایل کے صدر اور گروپ سی ای او، حاتم بامطرف اور ڈی جی ایس سی او میجر جنرل محمد شاہد صدیق سمیت دونوں اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ مفاہمتی یاد داشت کے تحت ٹیلی کام اداروں کے درمیان تعاون میں سہولت فراہم کی جائے گی گی بالخصوص آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور دراز پہاڑی خطوں سمیت ملک بھر میں ٹیلی کام خدمات میں اضافہ ہو گا۔ اس انتظام کی بدولت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اپنے 3500 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کے ذریعے پی ٹی سی ایل کی فکسڈ وائرلیس ایکسس (ایف ڈبلیو اے) سروس کے آغاز کے لئے نیٹ ورک شیئرنگ اور ایس سی او کے بیک ہال سپورٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ ٹیلی کام آپریٹرز باہمی بنیادوں پر بلاتعطل اعلیٰ معیار کی خدمات یقینی بنانے اور کنٹونمنٹس اور ایسے دیگر مقامات کے لئے نیٹ ورکس کی رسائی مشترکہ طور پر قائم کرنے کے لئے اپنے متعلقہ فائبر اثاثے بیک اپ کے طور پر پیش کرسکیں گے۔پی ٹی سی ایل کے صدر حاتم بامطرف نے کہاکہ ہم ایس سی او کے ساتھ اشتراک کی بدولت اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی مواصلاتی خدمات پیش کرنے کے باہمی عزم میں وسعت لاسکیں گے، اکھٹے مل کر ملک میں خاص طور پر دور دراز خطوں میں موجود ڈیجیٹل کمی کا خلاء پر کریں گے جس سے وہاں کے لوگوں کو اپنی بھرپور صلاحیتوں کے اظہار میں مدد مل سکے گی۔ ڈی جی ایس سی او میجر جنرل محمد شاہد صدیق نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی کام خدمات میں اضافے کے لئے پی ٹی سی ایل کے ساتھ اشتراک پر ایس سی او نے اس خطے میں عوام کو اعلیٰ معیار کے انٹرنیٹ اور سیلولر خدمات کے ذریعے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔