تھیلی سیمیا کی بیماری میں اضافے نے تشویش ناک شکل اختیار کرلی ہے،صاحبزادہ حلیم

January 17, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)فرنٹیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ تھیلی سیمیا بیلٹ پر واقع ہونے سے خیبر پختونخوا میں تھیلی سیمیا کی بیماری میں بے تحاشا اضافے نے تشویش ناک شکل اختیار کرلی ہے۔ فرنٹیئر فائونڈیشن انیس سال سے تھیلی سیمیا کے خلاف برسر پیکار ہے۔ غریب و نادار بچوں کی جان بچانا بہت بڑا کار خیر اور صدقہ جاریہ ہے لہٰذا مخیر حضرات تاجروں اور صنعت کاروں کو غریب و نادار بچوں کی جانے بچانے کے لئے فرنٹیئر فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کرنی چاہئے اور صدقات و عطیات کی رقم فرنٹیئر فائونڈیشن کو فراہم کرنی چاہئے۔ فرنٹیئر فائونڈیشن کی طرف سے خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کے لئے پندرہ ٹیمیں تشکیل دے کر صوبے بھر میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صاحبزادہ محمد حلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فرنٹیئر فائونڈیشن کے تین مراکز پشاور کوہاٹ اور سوات میں چار ہزار غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جارہا ہے جبکہ بلڈ کینسر کے مریضوں کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی جان بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جا رہا ہے۔