کورونا، اسکول کھلے رکھنے یا بند کردینے سے متعلق اجلاس آج طلب

January 17, 2022


ملک میںکورونا کیسز میں اضافے کے بعد اسکول کھلے رکھنے یا بند کردینے سے متعلق فیصلے کے لئے اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق سندھ میں کورونا کے بڑھتےکیسز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے، کورونا کی صورتحال پر آج صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں کورونا ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا جبکہ وزرائے صحت کے اجلاس میں سماجی اور شادی کی تقاریب، ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایس او پیز کی تجاویز پر غور ہوگا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد کے 2 تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ صحت نے متعلقہ کالجوں کو فوری بند کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔ مختلف ممالک میں 24 گھنٹوں کے دوران لاکھوں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 2 لاکھ 16 ہزار کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ فرانس میں 2 لاکھ 78 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 50 ہزار، برطانیہ میں 70 ہزار سے زائد اور بھارت میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔