ناظم جوکھیو قتل کیس، پراسیکیوشن کو حتمی چالان پیش کرنے کیلئے مہلت

January 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے پراسیکیوشن کو حتمی چالان پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت بائیس جنوری تک ملتوی کردی ،کیس کی سماعت پر تفتیشی افسر اور فریقین کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوشن نے مقدمے کا حتمی چالان پیش کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کرلی،تفتیشی افسر کاکہناتھا کہ چالان اسکروٹنی کے لئے محکمہ پراسیکیوشن کے پاس ہے، پراسیکوٹر کاکہناتھا کہ اسکروٹنی مکمل ہوتے ہی چالان عدالت میں پیش کردیا جائے گا، عدالت نے پراسیکیوشن کو 22 جنوری تک حتمی چالان پیش کرنے کی مہلت دیدی ،مدعی مقدمہ کے وکیل کاکہناتھا کہ دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی درخواست دائر کی ہوئی ہے،حتمی چالان پیش ہونے کے بعد دہشتگردی کی دفعات شامل ہونے پر دلائل دینگے،ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد پراسیکیوشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے،سیشن عدالت نے ضمانتیں مسترد کرنے کے حکم نامے میں مقدمہ دہشتگردی کا قرار دیا ہے،بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ازسرنو اسکروٹنی کے باعث تاخیر ہورہی ہے۔