متوقع برف باری‘ سی ٹی او کی چیکنگ پکٹس پر عملہ کو ضروری ہدایات

January 18, 2022

راولپنڈی، مری (سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان متوقع برف باری کے پیش نظر ٹریفک سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے مری پہنچ گئے۔ انہوں نے پیر کو مری کے داخلی راستوں پر قائم چیکنگ پکٹس پر تعینات عملہ کو ضروری ہدایات جاری کیں‘ سیاحوں میں سیفٹی و آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے اور مری کی شاہراہوں اور داخلی راستوں پر سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے لگائے گئے آگاہی بینرز کا بھی معائنہ کیا۔ سی ٹی او نے کہا کہ مری آنے سے قبل ٹریفک پولیس کی جاری ایڈوائزری کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ سیاح برف باری کے دوران مری آتے ہوئے میکینکلی اچھی اور درست گاڑی کا انتخاب کریں‘ اپنی گاڑی میں ٹول کٹ ضرور رکھیں‘ برف باری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ مری کی زیاد تر سڑکوں پر دو طرفہ ٹریفک چلتی ہے لہٰذا غلط اوور ٹیکنگ، ڈبل اور غلط پارکنگ سے گریز کریں۔ رش اور سڑک پر پھسلن ہونے کی وجہ سے گاڑی سست روی سے چلتی ہے لہٰذا دوران ڈرائیونگ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ برف باری اور موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ساتھ اضافی گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور رکھیں۔ گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشوں کو مکمل طور پر بند نہ کریں تاکہ تازہ ہوا آ سکے اور گاڑی میں آکسیجن ختم ہو کر کاربن مونو آکسائیڈ نہ جمع ہو سکے کیونکہ وہ زہریلی اور انسانی زندگی کیلئے مضر بے بو گیس ہے۔ سی ٹی او نے کہا کہ شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک وارڈنزو ضلعی پولیس حکام سخت موسم اور شدید سردی میں آپکی سہولت کیلئے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں لہٰذا انکے ساتھ تعاون کریں اور انکی ہدایات پر عمل کریں تاکہ آپ کے سفر کو محفوظ اور پرسکون بنایا جا سکے۔ کسی مدد کیلئے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 0519268200پر رابطہ کیا جا سکتاہے۔