سیکرٹری ریلوے کو رائل پام گالف کلب کے ٹینڈرز کیلئے اشتہار جاری کرنے کا حکم

January 18, 2022

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمی نے ریلوے رائل پام گالف کلب کیس میں سیکرٹری ریلوے کو کلب کے ٹینڈرز کیلئے اشتہار جاری کرنے کاحکم دیدیا ہے جبکہ نجی آڈٹ فرم کو دو ہفتوں میں کلب کا 2017کا آڈٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ریلوے رائل پام گالف کلب کیس کی سماعت کی تو سیکرٹری ریلوے نے بتایا کہ کلب کیلئے اشتہار دینے کی تیاری مکمل کر لی ہے،دو ہفتوں میں ٹینڈر کیلئے نیشنل و انٹرنیشنل اشہار دیدیا جائے گا۔جسٹس اعجاز الااحسن نے کہا کہ سابق چیف ایگزیکٹو شاہ رخ نے کلب میں بھرتیاں کی تھیں،سابق سی ای او نے ممبر شپ اور مالی معاملات کے بھی فیصلے کیے ہیں،سابق سی ای او کے فیصلوں سے 96 ملین کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔