خیبرپختونخوا، تحریک انصاف کا اجلاس، 29  ارکان غائب، اندرونی کہانی

January 18, 2022

پشاور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے منتخب اراکین کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس سے 29منتخب ارکان غائب رہے جن میں قومی اسمبلی کے 14اور صوبائی اسمبلی کے 15اراکین شامل ہیں۔

نورعالم خان سمیت پشاور سے منتخب 4 ایم این ایز بھی پارٹی کے اجلاس سے غیر حاضر رہے، وفاقی وزیر پرویز خٹک کے صاحبزادے، بھائی اور داماد بھی اجلاس میں موجود نہیں تھے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزیر مراد سعید نے سینیٹ کمیٹی اجلاس ،صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی ، تیمور جھگڑا ، ضیا اللّٰہ بنگش اور کریم خان نے دبئی ایکسپو جبکہ صوبائی وزیر قانون فضل شکور نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

وزیراعظم عمران خان نے پیر کے دن پشاور کا دورہ کیا جہاں گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کیساتھ ملاقات کے بعد تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی۔

مذکورہ اجلاس میں پارٹی کے تمام منتخب ارکان کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی،ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی شکست اور امیدواروں کے چناؤ کے معاملات پر کھل کر تنقید اور گلے شکوے کئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس سے مجموعی طور پر پارٹی کے 29منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی غائب رہے۔