اومی کرون سے صحت یاب ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگا، بشریٰ انصاری

January 18, 2022

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے ویرئنٹ اومی کرون سے جلد صحتیاب ہونے پر خوش دکھائی دے رہی ہیں۔

بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ تحریر کیا کہ اومی کرون سے صحت یاب ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگا مگر بیماری کی وجہ سے میں اپنی پیاری دوست روبینہ اشرف کی بیٹی منیٰ طارق کی شادی میں شرکت نہ کر سکی۔

انہوں نے منیٰ طارق کی شادی میں شرکت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سینئر اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ بیماری کی حالت میں منیٰ طارق کی شادی میں شرکت کرکے دوسرے افراد کے لیے مسئلہ نہیں بننا چاہتی تھیں۔

اس سے قبل انہوں نے بتایا تھا کہ وہ بدترین زکام کے باعث منیٰ طارق کی شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کر رہیں۔