عوام کو انتہا پسندوں کےرحم وکرم پرنہیں چھوڑ سکتے،رشید ناصر

January 19, 2022

کوئٹہ ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر ،ضلع لسبیلہ کے صدر منان افغان، حاجی عبدالواحد، رزاق خان اور دیگر رہنمائوں نے حب چوکی میں ضلع لسبیلہ اے این پی کی ضلعی کونسل اور بنیادی یونٹوں کے صدور اور سیکرٹریز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسیوں کے سلسلے میں 26 فروری کو حب چوکی میں بڑا جلسہ ہوگا۔ رشید خان ناصر نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ باچا خان اور خان عبدالولی خان کی برسیوں کے موقع پر جو اجتماعات ہورہے ہیں اس میں عہد کیا جائیگا کہ اپنے اکابرین کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائینگے۔ باچا خان اور ولی خان نے اس خطے میں تاریخی جدوجہد کی ہے، امن سماجی انصاف قوموں کے حقوق کیلئے ہمارے اکابرین کی قربانیاں تاریخی ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی قیمت پر انتہا پسندوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، جدوجہد کے ذریعے قوموں کے حقوق کی جنگ مزید تیز کرینگے، انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں جس کیلئے صف بندی کرنا ہوگی، غلط خارجہ اور داخلہ پالیسی اور سماجی انصاف کے انکار کے باعث آج ملک نازک دور سے گزررہا ہے ،غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک تنہائی کا شکار ہے ،ان حالات میں آج بھی باچا خان اور ولی خان کی سیاسی پالیسیوں کی ضرورت ہے ۔