تھیلی سیمیا ،حکومتی سطح پر ٹھوس لائحہ عمل ضروری ہے،صاحبزادہ حلیم

January 19, 2022

پشاور(جنگ نیوز) فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ تھیلی سیمیابڑھتے ہوئے کیسز کی بنیادی وجہ عوام میں موروثی مرض سے متعلق آگاہی کا نہ ہونا اور تھیلی سیمیا کا شکار فیملیز میں کزن میرجز کا کم نہ ہونے والا رجحان ہے، فرنٹیئرفاؤنڈیشن اس حوالے سے سیمینارز اور دیگر تقاریب منعقد کر کے عوام میں آگاہی تو پھیلا رہی ہے تاہم حکومتی سطح پر کسی خاص مہم یا پروگرام کا نہ ہونا باعث تشویش ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھیلی سیمیا کی آگاہی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخرزمان، ڈائریکٹر پراجیکٹ لائبہ فیاض،ڈائریکٹر میڈیا فاروق مہمند وجملہ سٹاف ،خون کے امراض میں مبتلا بچوں کے والدین اوردیگر بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ تھیلی سیمیا کاشکار خاندانوں میں کزن میرجزہیں،تھیلی سیمیا میں مبتلا افراد کی خاندانوں میں شادی سے قبل تھیلی سیمیاکا ٹیسٹ انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری حتیٰ الوسع کوشش ہے کہ تھیلی سیمیا کیخلاف زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کیاجائے تاکہ بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح پرقابوپایا جاسکے تاہم ہماری ان کوششوںکو اس وقت زیادہ تقویت ملے گی جب اس حوالے سے حکومتی سطح پر بھی کوئی ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے، تقریب کے دوران ڈاکٹر فخر زمان نے تھیلی سیمیا،اس کے پھیلاؤ کی وجوہات اور اس کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی لیکچر بھی دیا۔