لاہور: ماں اور 3 بچوں کا سفاکانہ قتل

January 19, 2022


پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور میں سفاک قاتلوں نے ماں اور اس کے 3 بچوں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

واقعہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آیا جہاں ایک گھر سے خاتون اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق کاہنہ میں پیش آنے والے واقعے میں قتل کی گئی خاتون کی ڈاکٹر ناہید کے نام سے شناخت ہوئی ہے جسے اس کے بچوں کے ساتھ قتل کیا گیا۔

مقتولین میں 45 سالہ ڈاکٹر ناہید کے علاوہ ان کا 20 سالہ بیٹا تیمور، 13 سالہ بیٹی ماہ نور اور 9 سالہ بیٹی فاطمہ شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ماں اور تینوں بچوں کے سروں میں گولیاں ماری گئیں۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ فرانزک ٹیموں کی مدد سے کاہنہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کاہنہ واقعے کی انکوائری کی جائے۔